قومی ٹیم کے نو منتخب ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے عہدہ سنبھالتے ہی پاکستان کرکٹ کو درپیش چیلنجز اور اپنی ترجیحات سے متعلق واضح مؤقف اختیار کیا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے مائیک ہیسن نے کہا کہ قومی ٹیم کی کوچنگ کی ذمہ داری سنبھالنے کے پیچھے کئی اہم وجوہات ہیں۔
مائیک ہیسن نے کہا کہ وہ سابق کوچز سے بات کی ہے پاکستان کرکٹ کی تاریخ سے واقف ہوں اور آنکھیں کھلی رکھ کر آیا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ ان کا ہدف پی سی بی کے اعلیٰ حکام کے ساتھ ہم آہنگی کے ذریعے گرین شرٹس کی کارکردگی کو بہتر بنانا ہے۔
مائیک ہیسن نے کہا کہ چاہے ہمیں نیشنل کرکٹ اکیڈمی، چیئرمین، سلیکٹرز یا سینئر کھلاڑیوں کی مدد درکار ہو ہم سب کو ایک صف میں لاکر ٹیم کی بہتری کے لیے کام کریں گے۔
مائیک ہیسن کا کہنا تھا کہ ٹیم میں کسی کے لیے دروازے بند نہیں، تاہم کارکردگی بہتر بنانے کے لیے فیلڈنگ، بیٹنگ اور بولنگ میں تکنیکی بہتری لانا ضروری ہے جو فوری نہیں بلکہ وقت کے ساتھ ممکن ہو گی۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں بہت مضبوط لیڈر شپ ہے، امریکی صدر کا اظہارِ اعتماد
پی سی بی چیئرمین محسن نقوی نے 13 مئی کو نیوزی لینڈ کے سابق کرکٹر اور تجربہ کار کوچ مائیک ہیسن کو وائٹ بال فارمیٹس کے لیے قومی ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کرنے کا اعلان کیا تھا۔





