بھارتی پروپیگنڈا ناکام، پاکستان سفارتی محاذ پر بھی کامیاب

بھارتی پروپیگنڈا ناکام، پاکستان سفارتی محاذ پر بھی کامیاب

عالمی سطح پر بدلتے حالات اور خطے میں بڑھتی کشیدگی کے تناظر میں پاکستان نے ایک متوازن، بصیرت افروز اور نتیجہ خیز سفارتی حکمتِ عملی کے ذریعے نہ صرف بھارتی منفی پروپیگنڈے کو ناکام بنایا ہے بلکہ خود کو ایک مؤثر عالمی قوت کے طور پر منوایا ہے۔

بھارت کی جانب سے پہلگام فالس فلیگ کے بعد کی گئی جارحیت کے باوجود پاکستان نے ذمہ دار ریاست کے طور پر صبر و تحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے عالمی برادری کو حقائق سے آگاہ کیا، پاکستان کے مؤقف کو بین الاقوامی سطح پر پذیرائی ملی جبکہ بھارت کی الزام تراشیوں کو سنجیدگی سے نہیں لیا گیا۔

اقوام متحدہ میں پاکستان کی مؤثر موجودگی، طالبان پابندیوں کی کمیٹی کی قیادت، انسداد دہشتگردی کمیٹی میں وائس چیئرمین شپ اور دو اہم ورکنگ گروپس میں شمولیت جیسے اہم عہدے پاکستان کی کامیاب سفارت کاری کا مظہر ہیں، اس کے برعکس بھارت کے بین الاقوامی دعوے محض نمائشی اور بے وزن ثابت ہوئے۔

پاکستان کو چین، ترکی اور آذربائیجان جیسے اہم اتحادیوں کی کھلی حمایت حاصل ہے جبکہ بھارتی بیانیے کو عالمی سطح پر سنجیدگی سے نہیں لیا جا رہا، خاص طور پر بھارت کی جانب سے بین الاقوامی سطح پر بلند و بانگ دعوے کرنے کے باوجود G7 جیسے اہم فورمز سے غیر حاضری اس کی سفارتی تنہائی کی علامت بن چکی ہے۔

معاشی میدان میں بھی پاکستان کو عالمی مالیاتی اداروں کا اعتماد حاصل ہو رہا ہے صرف ایک ماہ میں آئی ایم ایف، ایشیائی ترقیاتی بینک اور ورلڈ بینک سے مالی معاونت کے وعدے اس بات کا ثبوت ہیں کہ پاکستان کو اب ایک قابلِ اعتماد شراکت دار کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں بہت مضبوط لیڈر شپ ہے، امریکی صدر کا اظہارِ اعتماد

پاکستان نے یہ ثابت کیا ہے کہ عالمی سطح پر مقام حاصل کرنے کے لیے صرف آبادی یا نعرہ بازی نہیں بلکہ بصیرت، حکمتِ عملی اور عملی کارکردگی درکار ہوتی ہے، دنیا اب شور شرابے سے نہیں ٹھوس اقدامات سے متاثر ہوتی ہے اور پاکستان یہی کر رہا ہے۔

Scroll to Top