گورنر کے پی کے صوبائی حکومت پر کرپشن کے الزامات ، 700 ارب روپے کا حساب مانگ لیا

گورنر کے پی کے صوبائی حکومت پر کرپشن کے الزامات ، 700 ارب روپے کا حساب مانگ لیا

فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ کرپشن کے بانی چیئرمین کو خود جواب دینا ہوگا کہ کے پی میں کون لوٹ مار کررہاہے ۔

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے صوبائی حکومت پر سنگین کرپشن کے الزامات عائد کرتے ہوئے وفاق سے این ایف سی ایوارڈ کی مد میں ملنے والے 700 ارب روپے کا حساب طلب کیا ہے۔ ڈیرہ اسماعیل خان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر نے کہا کہ کوہستان میں 50 ارب روپے کی کرپشن ہوئی، یہاں تک کہ مسجدوں کے سولر پینلز تک چوری کر لیے گئے ہیں، لیکن نیب خاموش تماشائی بنا بیٹھا ہے۔

فیصل کریم کنڈی نے انکشاف کیا کہ کوہستان اسکینڈل میں ملوث افراد نے ڈیرہ اسماعیل خان میں کسی اور کے نام پر پراپرٹیز خریدی ہیں، یہاں تک کہ کوہستان کے عام شہریوں نے بھی ڈیرہ میں جائیدادیں حاصل کی ہیں۔ انہوں نے طنزیہ انداز میں کہا کہ بات جب نکلے گی تو فرانس تک جائے گی۔

گورنر نے تحریک انصاف اور جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ دونوں جماعتیں پہلے یہ طے کریں کہ ان میں سے زیادہ کرپٹ کون ہے۔ فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ کوہستان میں لوٹ مار کی گئی اور اس کے بعد عوام کا پیسہ جائیدادوں میں لگا دیا گیا، مگر اب وقت آ گیا ہے کہ ان تمام سوالات کے جوابات دیے جائیں۔

انہوں نے سابق صوبائی حکومت پر مسجدوں کے سولر پینل تک غائب کرنے کا الزام دہراتے ہوئے کہا کہ ایسی کرپشن کے بانی چیئرمین کو خود جواب دینا ہوگا کہ خیبرپختونخوا میں کون لوٹ مار کر رہا ہے۔

یہ الزامات صوبے میں کرپشن کے خلاف جاری بحث کو مزید شدت دے سکتے ہیں اور متعلقہ اداروں سے تحقیقات کا مطالبہ بھی بڑھا سکتے ہیں۔

Scroll to Top