حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافے پر غور کیا جا رہا ہے۔ ابتدائی ورکنگ پیپر تیار کرلیا گیا ہے جس کے مطابق پیٹرول، ڈیزل اور مٹی کے تیل کی قیمتوں میں اضافہ تجویز کیا گیا ہے۔
نجی ٹی وی چینل(سما) کے مطابق 16 جون سے نافذ العمل ممکنہ قیمتوں میں تبدیلی کے لیے کی گئی ابتدائی سفارشات کے تحت پیٹرول کی قیمت میں 1 روپے 12 پیسے فی لیٹر، ڈیزل کی قیمت میں 5 روپے 27 پیسے فی لیٹر جبکہ مٹی کے تیل کی قیمت میں 4 روپے 13 پیسے فی لیٹر اضافے کی تجویز دی گئی ہے۔
تیل کی قیمتوں میں یہ متوقع اضافہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ اور ملکی معاشی حالات کے پیش نظر کیا جا رہا ہے۔
حتمی فیصلہ وزارتِ خزانہ وزیرِاعظم شہباز شریف کی منظوری کے بعد کرے گی، جس کا باضابطہ اعلان 15 جون کی شب متوقع ہے۔
عوامی سطح پر مہنگائی کے مارے شہریوں نے ایک اور ممکنہ قیمتوں میں اضافے پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔ ماہرین کے مطابق اگر قیمتوں میں اضافہ کیا گیا تو اس کے اثرات اشیائے خورونوش، ٹرانسپورٹ اور دیگر بنیادی ضروریات کی قیمتوں پر بھی پڑ سکتے ہیں۔





