عوامی فلاح کا سفر، تعلیم و صحت پر خصوصی توجہ حکومت کی اولین ترجیح ہے، بیرسٹر سیف

عوامی فلاح کا سفر، تعلیم و صحت پر خصوصی توجہ حکومت کی اولین ترجیح ہے، بیرسٹر سیف

مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت کی اولین ترجیحات میں تعلیم اور صحت شامل ہیں، اور ان شعبوں پر بھرپور توجہ دی جا رہی ہے۔

تفصیلات کے مطابق انہوں نے کہا کہ بانی تحریک انصاف عمران خان کے وژن اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کی قیادت میں صوبے میں تعلیم اور صحت کے شعبے کو نمایاں اہمیت دی جا رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ’’صحت کارڈ پلس‘‘ کے تحت چوالیس لاکھ شہریوں کو مفت علاج کی سہولت دی جا چکی ہے، جس میں گردے، جگر، بون میرو اور کوکلئیر ٹرانسپلانٹ جیسے مہنگے اور جان لیوا علاج بھی شامل ہیں۔

بیرسٹر سیف نے مزید بتایا کہ صحت کے بجٹ میں گزشتہ سال کے مقابلے میں 19 فیصد اضافہ کیا گیا ہے، جو اب 232 ارب سے بڑھ کر 276 ارب روپے تک پہنچ چکا ہے۔ اسی طرح تعلیم کے شعبے کے لیے بجٹ کو 327 ارب روپے سے بڑھا کر 363 ارب روپے کر دیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال 16 ہزار اساتذہ کی بھرتیاں عمل میں لائی گئیں جبکہ سکول سے باہر بچوں کی انرولمنٹ کے لیے رواں سال 5 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔ صوبے کی جامعات کا بجٹ بھی نمایاں طور پر بڑھا کر 3 ارب روپے سے 10 ارب روپے کر دیا گیا ہے، تاکہ اعلیٰ تعلیم کا معیار بہتر ہو۔

مشیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا حکومت صحت مند اور تعلیم یافتہ معاشرے کے قیام کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے، اور آئندہ بھی ان دونوں شعبوں کو مزید مستحکم بنانے پر توجہ دی جائے گی۔

Scroll to Top