پشاور: پشاور ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق صوبائی وزیر خزانہ تیمور سلیم جھگڑا کو 26 جون تک حفاظتی ضمانت دے دی ہے۔
جسٹس صاحبزادہ اسد اللہ اور جسٹس عبد الفیاض پر مشتمل دو رکنی بینچ نے تیمور سلیم جھگڑا کی جانب سے دائر درخواست پر سماعت کی، جس میں مقدمات کی تفصیلات فراہم کرنے کی استدعا کی گئی تھی۔
سماعت کے دوران درخواست گزار کے وکیل علی گوہر درانی ایڈووکیٹ نے عدالت کو آگاہ کیا کہ ان کے موکل کے خلاف مختلف مقدمات درج کیے گئے ہیں جن کی تفصیلات دستیاب نہیں۔
اسسٹنٹ اٹارنی جنرل اسحاق خلیل نے عدالت کو بتایا کہ اسلام آباد میں صرف ایک مقدمہ درج ہے، جبکہ نیب اور ایف آئی اے میں کوئی کیس یا انکوائری زیر التوا نہیں۔
ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل جاوید خان نے عدالت سے مزید وقت کی مہلت مانگی تاکہ صوبائی حکومت کی جانب سے تفصیلی رپورٹ جمع کرائی جا سکے۔
دورانِ سماعت جسٹس صاحبزادہ اسد اللہ نے ریمارکس دیے کہ لگتا ہے صوبائی حکومت کی آپ سے محبت کم ہوگئی ہے، جس پر تیمور سلیم جھگڑا نے جواب دینے سے گریز کیا اور کہا کہ اس پر وہ کوئی بات نہیں کرنا چاہتے۔
یہ بھی پڑھیں : بڑی سیاسی تحریک کیلئے کارکنان کو متحرک کررہے ہیں ، وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا
عدالت نے تیمور سلیم جھگڑا کو 26 جون تک حفاظتی ضمانت دیتے ہوئے آئندہ سماعت پر صوبائی حکومت سے مقدمات کی مکمل رپورٹ طلب کرلی۔





