اسلام آباد: وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے اعزاز میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے دیے گئے ظہرانے کو پاک-امریکا تعلقات میں ایک بڑا سنگِ میل قرار دیا ہے۔
نجی ٹی وی سے گفتگو میں خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کے دورے کا شیڈول پہلے سے طے شدہ تھا، اور اس کے خطے میں اور عالمی سطح پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ امریکا کے ساتھ تعلقات میں ایسی گرم جوشی پہلے کبھی دیکھنے میں نہیں آئی۔
انہوں نے مزید کہا کہ بدھ کو فیلڈ مارشل عاصم منیر نے امریکی صدر ٹرمپ سے وائٹ ہاؤس میں ملاقات کی، جہاں صدر ٹرمپ نے ان کے اعزاز میں کیبنٹ روم میں ظہرانہ دیا۔
ملاقات کے بعد اوول آفس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی صدر نے کہا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملاقات ان کے لیے ایک اعزاز ہے۔
بھارتی میڈیا کی جانب سے پاکستان کو چین سے 40 جے-35 لڑاکا طیارے ملنے کی خبروں پر ردعمل دیتے ہوئے وزیر دفاع نے کہا کہ اگر بھارت اس سے پریشان ہے تو اسے پریشان ہونے دیں، کسی بھی دفاعی ہتھیار کا حصول پاکستان کا حق ہے۔
یہ بھی پڑھیں : امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملاقات کو اعزاز قرار دے دیا
خواجہ آصف نے مزید کہا کہ مسئلہ کشمیر اب صرف دو طرفہ معاملہ نہیں رہا، بلکہ صدر ٹرمپ کی جانب سے ثالثی کی پیش کش کے بعد یہ معاملہ عالمی توجہ حاصل کر چکا ہے۔





