خیبرپختونخوا کے مشیر اطلاعات بیرسٹر ڈاکٹر محمد علی سیف نے کہا ہے کہ مریم نواز خود کو اور اپنے والد نواز شریف کو زبردستی قوم کا ہیرو بنانے کی ناکام کوشش کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے پیسوں سے بننے والے منصوبوں کو اپنے نام سے منسوب کرنا عوامی مینڈیٹ کی صریح توہین ہے۔
نجی ٹی وی چینل دنیا نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر سیف نے الزام عائد کیا کہ مریم نواز اور ان کے والد عوامی ووٹ سے منتخب ہی نہیں ہوئے، بلکہ دونوں جعلی فارم 47 کی مدد سے اسمبلی میں پہنچے۔ ان کے مطابق، ایسی قیادت کا دعویٰ کہ وہ عوامی منصوبوں کے بانی ہیں، زمینی حقائق سے انحراف کے مترادف ہے۔
انہوں نے کہا کہ’’بانی تحریک انصاف عمران خان نے درست کہا تھا کہ نہ یہ لوگ پڑھے لکھے ہیں، نہ سیکھنے کی کوشش کرتے ہیں۔ انہیں تو لندن کے فلیٹس کو بھی اپنے نام سے منسوب کرنے کا اخلاقی اور قانونی حق حاصل نہیں، کیونکہ وہ فلیٹس مبینہ طور پر عوام کے ٹیکسوں سے خریدے گئے۔‘‘
بیرسٹر سیف نے مزید کہا کہ 8 فروری کے عام انتخابات میں عوام نے واضح طور پر نواز شریف کو مسترد کیا، جہاں لاہور میں ڈاکٹر یاسمین راشد نے انہیں شکست دی۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ نواز شریف بعد ازاں جعلی فارم 47 کے ذریعے اسمبلی میں لائے گئے۔
مشیر اطلاعات نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے نہ صرف قومی بلکہ بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا وقار بلند کیا، یہی وجہ ہے کہ قوم آج بھی عمران خان کو ہی اپنا حقیقی ہیرو مانتی ہے۔ ان کے مطابق، مریم نواز اور نواز شریف کو اب بھی عوامی خدمت کی اصل روح سمجھنے اور عوامی مینڈیٹ کا احترام سیکھنے کی ضرورت ہے۔





