وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری معطل

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری معطل

اسلحہ اور شراب برآمدگی کیس میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد نے معطل کر دیے۔

جوڈیشل مجسٹریٹ مبشر حسن چشتی کی عدالت میں کیس کی سماعت ہوئی۔ علی امین گنڈاپور ذاتی حیثیت میں عدالت میں پیش ہوئے، جہاں ان کے ہمراہ سیکیورٹی اسکواڈ بھی موجود تھا، جبکہ عدالت کے باہر پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی تھی۔

سماعت کے دوران علی امین گنڈاپور کے وکیل راجا ظہور الحسن نے مؤقف اختیار کیا کہ پشاور ہائیکورٹ نے ان کے موکل کی 3 جولائی تک ضمانت قبل از گرفتاری منظور کر رکھی ہے۔ اس بنیاد پر وکیل نے استدعا کی کہ عدالت ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری معطل کرے۔

عدالت نے وکیل کا مؤقف سننے کے بعد وارنٹ گرفتاری معطل کر دیے اور ملزم سے 342 کے سوال نامے کا جواب طلب کرتے ہوئے دریافت کیا کہ جواب کب تک جمع کروایا جائے گا؟ جس پر علی امین گنڈاپور نے یقین دہانی کرائی کہ خیبرپختونخوا کا بجٹ پیش ہونے کے بعد وہ جواب عدالت میں جمع کروائیں گے۔

عدالت نے کیس کی سماعت 2 جولائی تک ملتوی کر دی۔واضح رہے کہ علی امین گنڈاپور کے خلاف تھانہ بہارہ کہو میں اسلحہ اور شراب برآمدگی کا مقدمہ درج ہے، جس کی قانونی کارروائی جاری ہے۔

Scroll to Top