پشاور( شاہد جان) کوہستان کرپشن سکینڈل میں پی ایم ایل این کے ایم این اے ادریس خان کے ملوث ہونے کا انکشاف ہواہے۔
خیبرپختونخوا اسمبلی بجٹ اجلاس کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعلی کے معاون خصوصی برائے کمیونیکیشن اینڈ ورکس محمد سہیل آفریدی کا کہناتھا کہ کوہستان کرپشن سکینڈل میں حلقہ این اے 12 سے منتخب مسلم لیگ نون کے ایم این اے محمد ادریس ملوث ہیں اور اس کیس میں انکا کا پلازہ سیل بھی ہوچکاہے،وہ کمپنی کے ایم ڈی ہیں اور اس کمپنی نے اس سکینڈل میں غبن کی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پراپرٹی بھیجنے پر کیس بن جاتاہے مگر جس کی کمپنی میں پیسے آئے ہیں مسلم لیگ نون کی ایم پی اے صوبیہ شاہد ان کا نام نہیں لے رہی ، اگر نیب نے غیرت کی تو وہ ان کا ہاتھ لگ جائے گا۔
ان کا کہناتھا کہ جو کرپشن ہوئی ہے وہ فیڈرل ڈیپارٹمنٹ میں ان کے ماتحت ہے اور وہی اس میں ملوث ہے۔
سہیل آفریدی کے خطاب کے بعد سپیکر نے وضاحت کرتے ہوئے کہاکہ معاون خصوصی سہیل آفریدی جس ایم این اے کا نام لے رہے ہیں، واقعی ان کی کنسٹرکشن کمپنی براہ راست اس سکینڈل میں موجود تھی مگر ہم اس پر بات نہیں کررہے کیونکہ نیب اس پر تحقیقات کررہی ہے، ہم نے معاملہ پبلک اکاونٹس کمیٹی میں اٹھایا تھا اور اس وقت بھی میں نے کہاتھا کہ یہ خالصتا اداروں کا کھیل تھااور اس میں اداروں نے سسٹم کو چیٹ کیا اور حکومت خیبرپختونخوا کی بڑی رقم غبن کی۔
سپیکر نے مذید کہاکہ میں نے اس وقت بھی کہا تھا کہ ہمیں اس وقت اس میں بظاہر کوئی سیاسی شخصیت نظر نہیں آتی اور نہ کسی بھی سیاسی شخصیت کا نام براہ راست آیاہے،اب نیب اس میں تحقیقات کررہی ہے بعد میں معلوم ہوجائے گا کہ کون ملوث ہے اور کون نہیں،نیب اس کیس میں بہت اچھا کام کررہی ہے اور ابھی تک نیب نے اس میں 31 ارب ریکوری بھی کی ہے،ہمیں اس کیس میں نیب کا کردار سراہنا چاہیئے۔





