اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔
وزیراعظم نے مولانا کے چھوٹے صاحبزادے اسجد محمود پر حملے اور اغوا کی ناکام کوشش پر گہری تشویش کا اظہار کیا اور ان کی خیریت دریافت کی۔
اس موقع پر وفاقی وزراء احسن اقبال، اعظم نذیر تارڑ، عطاء اللہ تارڑ اور وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ بھی وزیراعظم کے ہمراہ موجود تھے۔
واضح رہے کہ 10 جون کو مولانا فضل الرحمان کے بیٹے اسجد محمود کو ڈیرہ اسماعیل خان سے لکی مروت جاتے ہوئے چالیس سے 50 افراد نے اغوا کرنے کی کوشش کی۔
پارٹی رہنما اور مولانا فضل الرحمان کے بھائی سینیٹر مولانا عطا الرحمان نے سینیٹ کو بتایا کہ ان کے بھتیجے اور جے یو آئی (ف) کے رہنما اسجد محمود کو کس طرح اغوا کرنے کی کوشش کی گئی۔
مولانا عطا الرحمان نے سینیٹ میں بتایا کہ چند روز قبل اسجد محمود ایک جنازے میں شرکت کے لیے ڈی آئی خان سے لکی مروت جا رہے تھے۔ اسی دوران نیشنل ہائی وے پر تقریباً 50 مسلح افراد نے ان کا قافلہ روک لیا۔
مولانا اسجد کے ساتھ موجود محافظوں نے مزاحمت کی اور دونوں طرف سے ایک دوسرے پر بندوقیں تان لی گئیں، جس سے صورتحال کشیدہ ہو گئی۔
یہ بھی پڑھیں : شمالی وزیرستان ،میرعلی سب ڈویژن میں خسرہ وبائی شکل اختیار کر گئی
تاہم اسجد محمود کی طرف سے کی گئی بات چیت کے بعد شدت پسندوں کے کمانڈر نے انہیں جانے دیا۔





