این ڈی ایم اے کی بیشتر علاقوں میں تین روز تک آندھی ،طوفان اور بارشوں کی پیشگوئی

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے ملک کے مختلف حصوں میں آئندہ تین روز تک شدید موسمی صورتحال کے پیش نظر ایڈوائزری جاری کر دی ہے۔

تفصیلات کے مطابق ادارے نے خبردار کیا ہے کہ آج سے 23 جون تک کئی علاقوں میں تیز ہواؤں، آندھی، طوفان اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق موسمی اثرات سے گلگت بلتستان، آزاد کشمیر، پنجاب اور خیبرپختونخوا کے بیشتر علاقے متاثر ہو سکتے ہیں۔ ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ شدید ہواؤں اور طوفان کے دوران کمزور درخت، کچی دیواریں اور غیر محفوظ تعمیرات کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔

این ڈی ایم اے نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ کچی دیواروں، بجلی کے کھمبوں، بل بورڈز اور دیگر غیر محفوظ ڈھانچوں سے دور رہیں۔ شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ اپنی گاڑیاں محفوظ اور چھت دار جگہوں پر پارک کریں تاکہ کسی ممکنہ نقصان سے بچا جا سکے۔

ادارے نے خاص طور پر سفر کرنے والے افراد کو احتیاط برتنے کی ہدایت کی ہے، کیونکہ طوفانی موسم کے دوران حد نگاہ متاثر ہونے کا خدشہ ہے، جو ٹریفک حادثات کا سبب بن سکتا ہے۔

این ڈی ایم اے نے متعلقہ ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو اداروں کو بھی الرٹ رہنے اور فوری رسپانس کی ہدایات جاری کی ہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بروقت نمٹا جا سکے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق یہ سلسلہ پری مون سون سیزن کا حصہ ہے، جس کا اثر ملک بھر میں آئندہ چند روز تک محسوس کیا جا سکتا ہے۔

Scroll to Top