تحریک انصاف کے سینئر رہنما اور سابق وفاقی وزیر سینیٹر اعظم سواتی کو 40 ارب روپے کے مبینہ کوہستان میگا کرپشن اسکینڈل میں نیب خیبرپختونخوا نے طلب کیا، تاہم وہ پیش نہ ہوئے، جس پر نیب کی جانب سے دوسرا نوٹس جاری کیے جانے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
نجی ٹی وی چینل (آج)کے مطابق نیب حکام نے اعظم سواتی کے وکیل کو واضح طور پر آگاہ کیا کہ صرف وکیل کی پیشی کافی نہیں، ملزم کو ذاتی حیثیت میں پیش ہونا لازمی ہے۔ وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ موکل سے رابطہ ممکن نہیں ہو رہا اور پیشی کے لیے کچھ مہلت درکار ہے، تاہم نیب نے مہلت دینے سے انکار کرتے ہوئے فوری طور پر ذاتی پیشی کی ہدایت کی۔
نیب ذرائع کا کہنا ہے کہ اعظم سواتی کو آج کے دن ریکارڈ سمیت طلب کیا گیا تھا، لیکن عدم پیشی کی وجہ سے ادارہ اب دوسرا نوٹس جاری کرنے پر غور کر رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق اس میگا اسکینڈل میں اعظم سواتی پر مبینہ طور پر 30 کروڑ روپے کی رقم کی مشتبہ منتقلی کا الزام ہے، جس کی مکمل تحقیقات جاری ہیں۔ نیب خیبرپختونخوا اس کیس میں مزید شواہد اکٹھے کر رہا ہے اور ممکنہ قانونی کارروائی کی تیاری کی جا رہی ہے۔
ادھر نیب کی جانب سے کرپشن کے اس اہم مقدمے میں غیرحاضری کو سنجیدگی سے لیا جا رہا ہے، اور آئندہ طلبی میں بھی پیش نہ ہونے کی صورت میں قانونی کارروائی کا امکان مسترد نہیں کیا جا رہا۔





