پاراچنار: ضلع کرم کے علاقہ پیواڑ شرم خیل میں بارودی سرنگ کے دھماکے میں چار افراد جاں بحق اور چار شدید زخمی ہو گئے۔
پولیس کے مطابق متاثرہ افراد لکڑیاں لانے کے لیے پہاڑ کی طرف جا رہے تھے جب وہ راستے میں نصب بارودی سرنگوں کا نشانہ بن گئے۔
زخمی افراد کو فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔ زخمیوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ وہ معمول کے مطابق لکڑیاں لینے گئے تھے، جب اچانک زور دار دھماکا ہوا اور ہر طرف چیخ و پکار مچ گئی۔
ڈی پی او کرم حبیب اللہ کے مطابق واقعے کی ابتدائی تحقیقات میں تصدیق ہوئی ہے کہ دھماکہ لینڈ مائن کے پھٹنے سے ہوا۔
انہوں نے بتایا کہ جائے وقوعہ پر پولیس، بم ڈسپوزل اسکواڈ، ایس پی اور ضلعی انتظامیہ کے دیگر افسران پہنچ چکے ہیں، اور شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : پولیس شہداء کو خراجِ عقیدت، مردان میں انٹر ڈسٹرکٹ اسپورٹس ایونٹ جاری
ضلعی انتظامیہ نے اس واقعے کو امن عمل کو سبوتاژ کرنے کی سازش قرار دیا ہے، جب کہ مقامی عمائدین نے واقعے کو انتہائی افسوسناک قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے میں ملوث عناصر کو گرفتار کر کے سخت سزا دی جائے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ علاقے میں سرچ آپریشن بھی شروع کر دیا گیا ہے اور واقعے کے مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں۔





