اسلام آباد: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور سپریم کورٹ میں جسٹس منصور علی شاہ کی عدالت میں پیش ہوئے اور پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان سے ملاقات کے لیے عدالت سے استدعا کی۔ وزیراعلیٰ کے ہمراہ ان کے وکیل لطیف کھوسہ اور ایڈووکیٹ جنرل خیبرپختونخوا شاہ فیصل بھی موجود تھے۔
لطیف کھوسہ نے عدالت سے فوری سماعت کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا اسمبلی میں بجٹ سیشن جاری ہے، اور بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات انتہائی ضروری ہے تاکہ ان کی رہنمائی حاصل کی جا سکے۔
جسٹس منصور علی شاہ نے واضح الفاظ میں کہا کہ جوڈیشل سائیڈ پر عدالت اس معاملے میں کچھ نہیں کر سکتی، اور انہیں رجسٹرار یا چیف جسٹس یحییٰ آفریدی سے رجوع کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہاآپ نے غلط دروازہ کھٹکھٹایا ہے، درست طریقہ یہی ہے کہ رجسٹرار یا چیف جسٹس سے رجوع کریں۔
علی امین گنڈاپور نے خود روسٹرم پر آ کر کہا کہ خیبرپختونخوا میں بجٹ کی منظوری کا عمل جاری ہے، اور بارہا درخواستوں کے باوجود عمران خان سے بجٹ کمیٹی کی ملاقات نہیں کروائی گئی۔
یہ بھی پڑھیں : سپریم کورٹ عمران خان کی ہدایت پر آیا ہوں، بجٹ پر مشاورت ضروری تھی، علی امین گنڈاپور
انہوں نے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی نے ملاقات کے لیے سپریم کورٹ کو خط بھی لکھا تھا، جس پر چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے مثبت ریمارکس دیے تھے، لیکن تاحال اس پر عملدرآمد نہیں ہوا۔
جسٹس منصور علی شاہ نے جواب میں کہا کہ چیف جسٹس یحییٰ آفریدی اس وقت لاہور میں ہیں، اور ملاقات کے لیے انہی سے رجوع کیا جائے۔





