پی ٹی آئی پارلیمنٹرینز کی پختونخوا میں مخصوص نشستوں کی درخواست پر الیکشن کمیشن کو نوٹس

اسلام آباد ہائیکورٹ نے خیبرپختونخوا میں مخصوص نشستوں کی مبینہ غیرمنصفانہ تقسیم کے خلاف پاکستان تحریک انصاف (پارلیمنٹرینز) کی متفرق درخواست پر الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا ہے۔

جسٹس انعام امین منہاس نے کیس کی سماعت کی۔ اس موقع پر درخواست گزار کے وکلا سلطان محمد خان، طفیل شہزاد سمیت دیگر وکلا عدالت میں پیش ہوئے، جب کہ پی ٹی آئی پارلیمنٹرینز کے مرکزی سیکریٹری جنرل ملک حبیب نور بھی کمرہ عدالت میں موجود تھے۔

الیکشن کمیشن پر نشستوں کی ’’مس کیلکولیشن‘‘ کا الزام
درخواست گزار کے وکیل سلطان محمد خان نے موقف اختیار کیا کہ الیکشن کمیشن نے 2 جولائی کو خواتین کی مخصوص نشستوں کے حوالے سے جو نوٹیفکیشن جاری کیا، وہ حقائق کے برعکس ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ نشستوں کی تقسیم میں ہماری پارٹی کو ملنے والا حصہ غلط طور پر کم ظاہر کیا گیا ہے، لہٰذا عدالت الیکشن کمیشن کو ازسرنو جائزہ لے کر مخصوص نشستیں حصے کے مطابق الاٹ کرنے کا حکم دے۔

نوٹیفکیشن معطل نہیں، کیس زیر سماعت ہے
عدالت نے استفسار کیا کہ کیا 2024ء کے مخصوص نشستوں کا نوٹیفکیشن پہلے سے معطل ہے؟ جس پر وکیل نے جواب دیا کہ نوٹیفکیشن معطل نہیں، مگر متعلقہ کیس عدالت میں زیر التوا ہے۔
جسٹس انعام امین منہاس نے ریمارکس دیے کہ ’’نوٹس جاری کرتا ہوں، الیکشن کمیشن آ کر وضاحت دے تو معاملہ دیکھا جائے گا‘‘۔ بعد ازاں عدالت نے الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔

Scroll to Top