مون سون کا زور برقرار،بارشوں کا سلسلہ جاری، ندی نالوں میں طغیانی اور لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ

مون سون کا زور برقرار،بارشوں کا سلسلہ جاری، ندی نالوں میں طغیانی اور لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ

ملک کے مختلف حصوں میں مون سون کی بارشوں کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے، جس کے باعث موسم خوشگوار تو ہو گیا ہے، تاہم نشیبی علاقوں میں طغیانی اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے خدشات نے خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں اب تک 36 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی جا چکی ہے۔ لاہور میں 26 ملی میٹر جبکہ شیخوپورہ میں 23 ملی میٹر بارش ہوئی۔ مری میں 6 ملی میٹر اور منڈی بہاالدین میں 4 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق بیشتر مقامات پر بارشوں کا سلسلہ آئندہ چند گھنٹوں تک وقفے وقفے سے جاری رہے گا۔

ادھر کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی آج بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جبکہ مری، گلیات اور گرد و نواح میں موسلادھار بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ خیبرپختونخوا کے بالائی علاقوں میں بھی وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے، جس سے سردی کی شدت میں معمولی اضافہ بھی دیکھنے میں آیا ہے۔

این ڈی ایم اے (قومی آفات سے نمٹنے کا ادارہ) نے خبردار کیا ہے کہ گلگت بلتستان میں دریائے ہنزہ اور شیگر کے بہاؤ میں اضافہ متوقع ہے، جبکہ دریائے ہسپار، خنجراب، شمشال، برالدو، ہوشے اور سالتورو میں طغیانی کا خدشہ ہے۔ سیاحوں اور مقامی افراد کو ندی نالوں کے قریب جانے سے گریز کرنے اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی سخت ہدایت دی گئی ہے۔

مزید برآں، گلگت، اسکردو، ہنزہ، استور، دیامر، گانچھے اور شگر میں لینڈ سلائیڈنگ کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ آزاد کشمیر کے علاقے مظفرآباد، نیلم ویلی، راولا کوٹ، ہویلی اور باغ میں بھی شدید بارشوں کے باعث زمین کھسکنے کے خطرات منڈلا رہے ہیں۔
این ڈی ایم اے نے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایات جاری کی ہیں کہ کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی اقدامات کو یقینی بنایا جائے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق جنوبی پنجاب کے بیشتر اضلاع میں رات بھر بادل خوب برسے، جس کے باعث درجہ حرارت میں کمی کے ساتھ ساتھ زرعی فصلوں، خصوصاً کپاس اور دھان کو فائدہ پہنچنے کا امکان ہے۔

Scroll to Top