قومی اسمبلی کی مخصوص نشستیں، کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا آغاز

قومی اسمبلی کی مخصوص نشستیں، کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا آغاز

قومی اسمبلی میں خیبرپختونخوا سے خواتین کی دو خالی مخصوص نشستوں کو پُر کرنے کے لیے انتخابی عمل کا باقاعدہ آغاز ہو گیا ہے۔

نجی ٹی وی چینل (آج)کے مطابق الیکشن کمیشن کے مطابق امیدواروں سے کاغذاتِ نامزدگی جمع کرانے کا سلسلہ آج سے شروع ہو گیا ہے، جو 10 جولائی تک جاری رہے گا۔ 11 جولائی کو امیدواروں کے ناموں کی ابتدائی فہرست جاری کی جائے گی، جبکہ 14 جولائی تک کاغذات کی جانچ پڑتال مکمل کر لی جائے گی۔ کاغذات کی منظوری یا مسترد ہونے کی صورت میں اپیلیں 17 جولائی تک دائر کی جا سکیں گی۔

الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ تمام مراحل کی تکمیل کے بعد امیدواروں کی حتمی فہرست 24 جولائی کو جاری کی جائے گی۔

سیاسی ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (ن) کی جانب سے ممکنہ امیدواروں کی ترجیحی فہرست جلد الیکشن کمیشن کو فراہم کیے جانے کا امکان ہے، تاہم حتمی فیصلہ پارٹی قیادت کرے گی۔

انتخابی عمل کے دوران شفافیت اور قانون کے مطابق کارروائی کو یقینی بنانے کے لیے الیکشن کمیشن نے تمام ضلعی دفاتر کو ہدایات جاری کر دی ہیں۔

Scroll to Top