اسمبلی اجلاس بلانے کا اختیار اسپیکر کو نہیں، سیکرٹریٹ نے اپوزیشن لیڈر کو خط ارسال کر دیا

پشاور: خیبرپختونخوا اسمبلی سیکرٹریٹ نے اسمبلی اجلاس بلانے کے مطالبے پر اپوزیشن لیڈر کو باضابطہ جوابی خط ارسال کر دیا ہے، جس میں واضح کیا گیا ہے کہ اسپیکر کو از خود اسمبلی کا اجلاس طلب کرنے کا اختیار حاصل نہیں۔

جوابی خط میں کہا گیا ہے کہ نہ تو آئینِ پاکستان اور نہ ہی خیبرپختونخوا اسمبلی کے قواعد و ضوابط 1988ء کے تحت اسپیکر کو یہ اختیار دیا گیا ہے کہ وہ از خود اجلاس طلب کریں۔

خط کے مطابق اسمبلی کا اجلاس صرف مقررہ آئینی اور قانونی طریقہ کار کے تحت بلایا جا سکتا ہے۔

خط میں مزید کہا گیا ہے کہ نومنتخب ارکانِ اسمبلی اس وقت ہی حلف اٹھا سکیں گے جب اسمبلی کا اجلاس باضابطہ طور پر منعقد ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں : ضم اضلاع کمیٹی کا پہلا اجلاس، خیبرپختونخوا کے تحفظات پر وفاق کی یقین دہانی

یاد رہے کہ اپوزیشن کی جانب سے اسپیکر کو اجلاس بلانے کے لیے بارہا درخواستیں دی گئی تھیں، تاہم اسمبلی سیکرٹریٹ نے قواعد و ضوابط کا حوالہ دیتے ہوئے اس مطالبے کو مسترد کر دیا ہے۔

Scroll to Top