خیبرپختونخوا میں مخصوص نشستوں کے منتخب ارکان نے حلف برداری کے لیے الیکشن کمیشن کو خط لکھ دیا

پشاور: خیبرپختونخوا اسمبلی کی مخصوص نشستوں پر منتخب ہونے والے اراکین نے حلف نہ لینے پر الیکشن کمیشن کو باضابطہ خط لکھ دیا ہے۔

خط میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی حلف برداری کے معاملے میں سنجیدہ نظر نہیں آتے، اس لیے پشاور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس کو ہدایت کی جائے کہ وہ حلف لینے کے لیے کسی مناسب نمائندے کو نامزد کریں۔

خط میں مزید کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے مخصوص نشستوں پر منتخب اراکین کے نوٹیفکیشن جاری ہونے کے بعد اسپیکر کو باقاعدہ اجلاس بلانے کی درخواست کی گئی تھی، تاہم اسپیکر نے 9 جولائی 2025 تک کوئی اجلاس نہیں بلایا۔

خط میں پشاور ہائیکورٹ کے 8 جولائی 2025 کے فیصلے کا حوالہ بھی دیا گیا ہے، جس میں واضح طور پر حلف برداری کے احکامات جاری کیے گئے تھے۔ تاہم، اس عدالتی حکم کے باوجود اسپیکر نے اس پر عمل درآمد نہیں کیا۔

منتخب اراکین نے آئینِ پاکستان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ کوئی بھی رکن اُس وقت تک اپنا ووٹ استعمال نہیں کر سکتا جب تک وہ حلف نہ اٹھا لے۔

یہ بھی پڑھیں : اسمبلی اجلاس بلانے کا اختیار اسپیکر کو نہیں، سیکرٹریٹ نے اپوزیشن لیڈر کو خط ارسال کر دیا

مزید برآں آئین کے آرٹیکل 255(2) کے تحت اگر مقررہ شخص کے سامنے حلف لینا ممکن نہ ہو تو چیف جسٹس ہائیکورٹ کسی اور شخص کو حلف لینے کے لیے نامزد کر سکتے ہیں۔

اراکین نے چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ نئے منتخب اراکین سے حلف لینے کے لیے کسی مجاز نمائندے کو مقرر کریں تاکہ آئینی عمل مکمل ہو اور اسمبلی کی کارروائی میں ان کی شرکت ممکن بنائی جا سکے۔

Scroll to Top