موسم کا تیور بدلنے لگا، آج سے تیز آندھی، بارش اور گرج چمک کی پیشگوئی

ملک کے مختلف علاقوں میں تیز آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی

محکمہ موسمیات نے آئندہ دنوں میں ملک کے مختلف حصوں میں  گرج چمک، تیز ہوائیں، اور موسلادھار بارشوں کی پیشگوئی کی ہےجس کے نتیجے میں برساتی ندی نالوں میں طغیانی اور کمزور انفراسٹرکچر کو نقصان پہنچنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

محکمے کے مطابق آج رات بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا، تاہم شمال مشرقی اور جنوبی پنجاب، شمال مشرقی بلوچستان، کشمیر، بالائی خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان کے بعض مقامات پر تیز ہواؤں اور بارش کا امکان ہے۔

اتوار کے روز خیبرپختونخوا میں دوپہر کے بعد دیر، چترال، سوات، کوہستان، شانگلہ، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، پشاور، مردان، صوابی، ٹانک، ڈی آئی خان اور دیگر علاقوں میں بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے، جہاں کہیں کہیں موسلادھار بارش بھی ہو سکتی ہے۔

پنجاب میں بھی دن کے اوقات میں موسم گرم رہنے کا امکان ہے، تاہم شام کے وقت راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور، فیصل آباد، سرگودھا، ملتان، ڈی جی خان، رحیم یار خان اور دیگر اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ شمال مشرقی پنجاب اور خطہ پوٹھوہار میں موسلادھار بارش کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔

سندھ کے زیادہ تر علاقوں میں شدید گرمی اور حبس متوقع ہے، البتہ سکھر، لاڑکانہ، کشمور اور ساحلی اضلاع میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے اور شام یا رات کے وقت ہلکی بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

بلوچستان کے اضلاع بارکھان، سبی، کوہلو، موسی خیل اور ژوب میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، جبکہ کشمیر اور گلگت بلتستان میں جزوی ابر آلود موسم کے ساتھ رات کے وقت بارش کی توقع ہے۔

محکمہ موسمیات نے 13 اور 14 جولائی کو شدید بارشوں کے باعث مری، گلیات، مانسہرہ، ایبٹ آباد، دیر، چترال، نوشہرہ، راولپنڈی، اسلام آباد اور شمال مشرقی پنجاب سمیت کئی علاقوں میں ندی نالوں میں طغیانی، لینڈ سلائیڈنگ اور ٹریفک میں خلل کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : ٹویوٹا گاڑیوں کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ، نئی قیمتیں جاری

علاوہ ازیں، لاہور، فیصل آباد، سیالکوٹ، پشاور، گوجرانوالہ اور دیگر شہری علاقوں میں نشیبی علاقے زیر آب آ سکتے ہیں، جبکہ آندھی کے باعث کمزور انفراسٹرکچر، جیسے بجلی کے کھمبے، درخت اور سولر پینلز کو نقصان پہنچنے کا امکان ہے۔

Scroll to Top