محکمہ موسمیات نے ملک بھر میں ایک بار پھر بارشوں کی پیش گوئی کرتے ہوئے الرٹ جاری کر دیا ہے

مغربی ہوائیں آج ملک میں داخل ہوں گی، بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہونے کا امکان

ملک بھر میں مون سون کا سلسلہ مزید شدت اختیار کرنے والا ہے، محکمہ موسمیات نے آج 13 جولائی سے مغربی ہواؤں کے ایک نئے سلسلے کے داخل ہونے کی پیشگوئی کرتے ہوئے آئندہ دنوں میں مزید بارشوں کا امکان ظاہر کیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کا یہ سلسلہ اسلام آباد، پنجاب، خیبرپختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان سمیت ملک کے مختلف حصوں کو متاثر کرے گا، جہاں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارشوں کی توقع ہے۔

تیز بارشوں کی وارننگ
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ 13 جولائی سے 17 جولائی کے دوران خیبرپختونخوا، پنجاب اور بلوچستان کے مختلف اضلاع میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارشیں ہوں گی، جب کہ چند مقامات پر موسلادھار بارش کا بھی امکان ہے، جو شہری و دیہی علاقوں میں نشیبی مقامات پر پانی جمع ہونے اور ندی نالوں میں طغیانی کا سبب بن سکتی ہے۔

سندھ میں بھی بارشیں متوقع
ادارے کے مطابق سندھ میں 15 تا 17 جولائی کے دوران تھرپارکر، میرپور خاص، کراچی اور دیگر شہروں میں بارشوں کا سلسلہ متوقع ہے۔ ان بارشوں کے باعث نچلے علاقوں میں جزوی سیلابی صورتحال اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا بھی خدشہ ہے۔

شہریوں کے لیے احتیاطی تدابیر
محکمہ موسمیات اور متعلقہ اداروں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ موسمی حالات سے باخبر رہیں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔ خاص طور پر پہاڑی علاقوں میں رہنے والے افراد کو الرٹ رہنے اور محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔

Scroll to Top