پشاور(سلمان یوسفزئی)محکمہ صحت خیبرپختونخوا نے صوبے بھر میں پانچ سال سے کم عمر بچوں کے لیے بگ کیچ اپ ویکسینیشن مہم کا آغاز کر دیا ہے جس کا مقصد معمول کی ویکسین سے محروم رہ جانے والے بچوں کو 12 مہلک بیماریوں سے بچاؤ کی ویکسین فراہم کرنا ہے۔
مہم کا افتتاح پشاور کے مولوی جی ہسپتال میں ہوا جہاں ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسز ڈاکٹر محمد سلیم خان اور ڈائریکٹر ای پی آئی ڈاکٹر اصغر خان نے مہم کا باقاعدہ آغاز کیا۔
حکام کے مطابق یہ مہم 14 جولائی سے 25 جولائی تک جاری رہے گی اور اس کا ہدف تقریبا 7 لاکھ بچے ہیں جو مختلف وجوہات کی بنا پر معمول کی ویکسینیشن سے محروم رہ گئے تھے۔
صوبے بھر میں 4,000 سے زائد ویکسینیشن ٹیمیں تعینات کی گئی ہیں تاکہ دور دراز علاقوں تک بھی رسائی ممکن بنائی جا سکے۔
محکمہ صحت کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق رواں سال خیبرپختونخوا میں اب تک خسرہ کے 3,000 اور خناق کے 219 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ خناق سے بچاؤ کی ویکسین وافر مقدار میں دستیاب ہے اور اس حوالے سے کسی قلت کی اطلاع نہیں،محکمہ صحت کے مطابق پچھلی مہم میں صوبے بھر میں 5 لاکھ سے زائد بچوں کو ویکسین دی گئی تھی۔
موجودہ مہم حکومت کی اس حکمت عملی کا حصہ ہے جس کا مقصد ویکسینیشن کے خلا کو پر کرنا، بچوں کو مہلک بیماریوں سے محفوظ بنانا، اور مجموعی طور پر صحت کے نظام کو مؤثر بنانا ہے۔
حکام نے والدین اور سرپرستوں پر زور دیا ہے کہ وہ اس مہم میں تعاون کرتے ہوئے بچوں کو مقررہ وقت پر ویکسین دلائیں تاکہ متعدی بیماریوں کے پھیلاؤ کو روکا جا سکے۔





