پشاور: وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ مراد سعید کی واپسی ہو گئی ہے اور انہیں سینیٹر بنا دیا گیا ہے، جو کہ ان کی پارٹی کی بڑی کامیابی ہے۔
منگل کو پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علی امین گنڈاپور نے بتایا کہ مخالفین کی ضد تھی کہ مراد سعید مائنس ہیں، لیکن ان کی جماعت نے انہیں سینیٹ میں پہنچا کر یہ ثابت کر دیا کہ یہ ایک بڑی جیت ہے۔
انہوں نے کہا کہ سینیٹ انتخابات میں خرید و فروخت نہیں ہوئی اور ان کا مقصد خیبر پختونخوا میں شفاف انتخابات کروانا تھا جو پورا ہوا۔
صحافیوں کے سوال پر وزیر اعلیٰ نے کہا کہ انہوں نے سینیٹ میں تین ووٹ ڈالے اور اس سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ انہوں نے کسی قسم کی خرید و فروخت کی اجازت نہیں دی۔
احتجاج کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ پارٹی ابھی تک فیصلہ نہیں کر سکی کہ احتجاج کہاں اور کس طریقے سے ہوگا۔
9 مئی کے کیس میں پی ٹی آئی رہنماؤں کو سزاؤں پر ردعمل دیتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ یہ سزائیں آئین اور قانون کی صریح خلاف ورزی ہیں اور پاکستان میں انصاف کا جنازہ نکل چکا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : چینی سستی نہ ہونے پر حکومت برہم، 24 گھنٹوں میں قیمت کم نہ ہونے پر کریک ڈاؤن کی وارننگ
اسی دوران خیبرپختونخوا حکومت نے 24 جولائی کو امن و امان کے حوالے سے آل پارٹیز کانفرنس طلب کر لی ہے، جس کے لیے سیاسی اور مذہبی جماعتوں کو دعوت نامے بھیج دیے گئے ہیں۔
خیال رہے کہ خیبرپختونخوا اسمبلی میں سینیٹ انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف نے 6 جبکہ اپوزیشن جماعتوں نے 5 نشستیں حاصل کی تھیں۔
جنرل نشستوں میں سے 4 پر پی ٹی آئی کے مراد سعید، فیصل جاوید، مرزا آفریدی اور نور الحق قادری کامیاب ہوئے۔





