چیئرمین پاکستان تحریکِ انصاف بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ ہم نے سزائیں اور نااہلیاں برداشت کیں اب عوام کی باری ہے کہ وہ اپنے حق کے لیے آواز بلند کریں۔
بونیر میں پارٹی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ جمہوریت کی بحالی کے لیے ہمیں ایک قدم پیچھے جانا ہوگا تاکہ ملکی مفاد میں آگے بڑھا جا سکے۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ 9 مئی کے واقعات نے ملک میں سیاسی تناؤ کو مزید بڑھا دیا ہے اور سزاؤں و نااہلیوں کے عمل نے بحران کو مزید گہرا کر دیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم نے سزائیں اور نااہلیاں برداشت کیں اب عوام کی باری ہے کہ وہ اپنے حق کے لیے آواز بلند کریں۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے مزید کہا کہ جمہوری عمل کی بحالی ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے اور اس مقصد کے لیے تمام اداروں اور عوام کو مل کر کردار ادا کرنا ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں: سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار عبدالقیوم نیازی 9 مئی کیس میں گرفتار
واضح رہے کہ آج آزاد کشمیر پولیس نے تحریک انصاف آزاد کشمیر کے صدر اور سابق وزیراعظم سردار عبدالقیوم خان نیازی کو 9 مئی کے مقدمے میں جنڈی چونترہ کے مقام پر گرفتار کر لیا ہے۔
سردار عبدالقیوم نیازی سماہنی سے بھمبر میں جلسے کے لیے جا رہے تھے۔ ذرائع کے مطابق، انہیں حراست میں لینے کے بعد نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا۔ گرفتاری کے وقت تحریک انصاف کے کارکنوں کی بڑی تعداد ان کے ہمراہ موجود تھی۔





