وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے اعلان کیا ہے کہ 5 اگست تحریکِ انصاف کی جدوجہد کا عروج کا دن ہوگا، یہ دن ہماری تحریک کے لیے ایک نیا سنگِ میل ثابت ہوگا اور ہم اپنی آزادی کی تحریک کو بلندی کی نئی سطح پر لے جائیں گے۔
وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے اپنے ویڈیو بیان میں کہا ہے کہ وہ بھرپور طریقے سے اس احتجاجی تحریک میں شریک ہوں، ہر وہ شخص جو بانی پی ٹی آئی اور حقیقی آزادی کی تحریک کے ساتھ ہے اُسے باہر نکل کر اپنی آواز بلند کرنی ہے۔
علی امین گنڈا پور کا کہنا کہ ہر ضلع، ہر گاؤں، ہر تحصیل اور ہر گھر سے لوگ باہر نکلیں اور اپنے احتجاج کا ریکارڈ دنیا کے سامنے رکھیں۔
وزیراعلیٰ نے اعلان کیا کہ 5 اگست کو خیبرپختونخوا کے تمام اضلاع سے ریلیاں نکالی جائیں گی اور وہ خود حیات آباد ٹول پلازہ سے ریلی کی قیادت کریں گے۔ یہ ریلی رنگ روڈ سے ہوتے ہوئے قلعہ بالا حصار پر اختتام پذیر ہوگی۔
وزیراعلیٰ امین گنڈا پور نے مزید کہا کہ ریلی پاکستان کی تاریخ کی سب سے بڑی ریلی ہوگی، پوری دنیا کو دکھانا ہے کہ عوام بانی پی ٹی آئی کے ساتھ کھڑی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:اسلام آباد جانے کی کوئی کال نہیں، احتجاج گلی کوچوں تک محدود رہے گا، سلمان اکرم راجہ
انہوں نے کہا کہ یہ تحریک اس وقت تک جاری رہے گی جب تک بانی پی ٹی آئی کو رہا نہیں کر دیا جاتا اور قوم کو حقیقی آزادی نہیں ملتی، وزیراعلیٰ نے کہا جو اس احتجاج کا حصہ نہیں بنے گا وہ اس غلامی کو دوام دینے میں شریک تصور کیا جائے گا۔
علی امین گنڈاپور نے کہا کہ آزادی کبھی گھر بیٹھنے سے نہیں ملتی اس کے لیے نکلنا پڑتا ہے، خوف سے باہر نکلیں اور اپنی آواز بلند کریں، کیا ہوگا یا کس طرح ہوگا یہ بعد کی باتیں ہیں ہمیں بس نکلنا ہے۔





