چارسدہ (الف خان شیرپاو): چارسدہ کے معذور طالب علم محمد سدیس نے پشاور تعلیمی بورڈ کے تحت میٹرک امتحانات میں شاندار نتائج حاصل کر کے ایک مثال قائم کی ہے۔
محمد سدیس، جو دونوں ہاتھوں اور ایک پاؤں سے معذور ہیں، نے اپنی محنت اور عزم کے ذریعے تعلیمی میدان میں نمایاں کامیابی حاصل کی ہے۔
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے محمد سدیس کی اس کارکردگی کو سراہتے ہوئے انہیں وزیر اعلیٰ ہاوس مدعو کیا اور ان کی بھرپور حوصلہ افزائی کی۔
وزیر اعلیٰ نے محمد سدیس کو نقد انعام کے ساتھ ساتھ لیپ ٹاپ کا تحفہ بھی دیا۔ علاوہ ازیں انہوں نے محمد سدیس کے تعلیمی اخراجات کے لئے ماہانہ 50 ہزار روپے کی سکالرشپ کا اعلان کیا۔
ڈپٹی کمشنر چارسدہ ڈاکٹر عظمت وزیر نے وزیر اعلیٰ کی جانب سے لیپ ٹاپ محمد سدیس کے حوالے کیا۔ محمد سدیس نے اس پر وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ یہ حوصلہ افزائی ان کے لیے بہت معنی رکھتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : چارسدہ میں قدرتی آفات سے متاثرہ افراد کو کتنی مالی امداد ملی؟ تفصیلات سامنے آ گئیں
وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور نے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت ایسے باصلاحیت طلبہ کی حوصلہ افزائی کا سلسلہ جاری رکھے گی اور محمد سدیس معاشرے کے تمام خصوصی افراد کے لیے ایک رول ماڈل ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر حوصلہ اور عزم بلند ہو تو معذوری کبھی کامیابی کی راہ میں رکاوٹ نہیں بن سکتی۔
یہ کارکردگی نہ صرف محمد سدیس کی ذاتی کامیابی ہے بلکہ خاص طور پر معذور افراد کے لیے ایک مثال ہے کہ محنت اور لگن سے ہر مشکل کو عبور کیا جا سکتا ہے۔





