اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور طارق فضل چودھری نے کہا ہے کہ علی امین گنڈا پور کا حالیہ بیان پرتشدد سوچ کی عکاسی کرتا ہے، جبکہ حکومت کی اولین ترجیح ملک میں امن و امان قائم رکھنا ہے۔
نجی ٹی وی دنیا نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے طارق فضل چودھری نے کہا کہ 5 اگست کو یومِ استحصال کشمیر منایا جا رہا ہے، ایسے میں تحریک انصاف کو چاہیے کہ وہ اپنا احتجاج 6 اگست کو کرے تاکہ قومی یکجہتی میں خلل نہ آئے۔
انہوں نے علی امین گنڈا پور پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ایسے بیانات ملک کے پرامن ماحول کو خراب کرنے کی کوشش ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ 9 مئی کے واقعات میں حساس مقامات کو ایک ہی وقت میں نشانہ بنایا گیا، جو کسی بھی صورت قابلِ قبول نہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ بانی تحریک انصاف کی سیاست ہمیشہ شہروں کو بند کرنے اور نظام کو مفلوج کرنے پر مبنی رہی ہے، جبکہ اپوزیشن کو چاہیے کہ ایشوز پر سیاست کرے، ملک میں انتشار نہ پھیلائے۔
یہ بھی پڑھیں : علی امین گنڈا پور کے اسلام آباد نہ آنے کی وجہ تیمورسلیم جھگڑا نے بتا دی، تفصیل جانیں
عبدالقیوم نیازی کی گرفتاری سے متعلق سوال پر طارق فضل چودھری نے واضح کیا کہ سابق وزیراعظم آزاد کشمیر کو اسلام آباد پولیس نے گرفتار کیا ہے اور اس حوالے سے تمام قانونی تقاضے پورے کیے جا رہے ہیں۔
طارق فضل چودھری نے اپیل کی کہ سیاسی جماعتیں ذمہ داری کا مظاہرہ کریں اور عوامی مسائل کو بنیاد بنا کر بات کریں، نہ کہ انتشار اور تصادم کی سیاست کریں۔





