اسلام آباد : مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی سیاست مکمل طور پر ناکامی سے دوچار ہو چکی ہے، اور اب ان کے پاس صرف ناکامی کارڈ باقی رہ گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی اپنی ہی پیدا کی گئی تباہی کی سرنگ میں داخل ہو چکے ہیں، جس سے نکلنے کا کوئی راستہ باقی نہیں رہا۔
وفاقی دارالحکومت سے جاری بیان میں عرفان صدیقی کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی تحریک محض ایک روزہ احتجاج تک محدود ہو چکی ہے، جبکہ پارٹی کے تمام سیاسی کارڈز ناکام ہو چکے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان صرف اُن سے بات کرنا چاہتے ہیں جو خود پی ٹی آئی سے بات نہیں کرنا چاہتے۔
سینیٹر عرفان صدیقی نے الزام عائد کیا کہ ویزا کی درخواستیں دے کر قاسم اور سلیمان نے یہ ظاہر کر دیا ہے کہ وہ خود کو پاکستانی شہری تصور نہیں کرتے۔
انہوں نے آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) کے اعلامیے کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ یہ اعلامیہ پی ٹی آئی کے بغض اور درد سے بھرا ہوا ہے، جبکہ بھارت کے خلاف پاکستان کی عظیم کامیابی کا ذکر نہ ہونا شرمناک امر ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کو حالیہ دنوں میں سیاسی، معاشی اور سفارتی میدانوں میں جو کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں، وہ تمام اداروں اور قومی قیادت کی اجتماعی کاوشوں کا نتیجہ ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : علی امین کا بیان اشتعال انگیزی کی کوشش ہے، حکومت کی اولین ترجیح امن ہے، طارق فضل چودھری
ان کا کہنا تھا کہ برطانیہ میں دو ہفتوں میں بلوائیوں کو سزائیں مل گئیں، جبکہ پاکستان میں 9 مئی جیسے افسوسناک واقعات کے مجرموں کو سزا دینے میں دو سال سے زائد کا عرصہ لگ گیا۔
عرفان صدیقی نے واضح کیا کہ ملک میں فی الحال کوئی سیاسی بحران موجود نہیں ہے، بلکہ بحران اُن چند افراد کے ذہنوں میں ہے جو ذاتی تلخی کو قومی مفاد پر ترجیح دے رہے ہیں۔
ایرانی صدر کا حالیہ دورۂ پاکستان ان کے مطابق اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان نے ایران-اسرائیل کشیدگی کے دوران مثبت اور متوازن کردار ادا کیا۔





