نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر نے ملک بھر میں 5 سے 10 اگست کے دوران شدید بارشوں کے باعث ممکنہ سیلابی صورتحال پر الرٹ جاری کر دیا ہے۔ جاری کردہ رپورٹ میں شہریوں اور متعلقہ اداروں کو پیشگی اقدامات کی ہدایت کی گئی ہے۔
نجی ٹی وی چینل (سنو نیوز)کے مطابق۱ین ڈی ایم اے کے مطابق بالائی اور وسطی علاقوں میں متوقع موسلا دھار بارشوں کے باعث کئی دریاؤں، بیراجوں اور ندی نالوں میں طغیانی اور پانی کے بہاؤ میں خطرناک حد تک اضافے کا امکان ہے۔
دریائے چناب (مرالہ، کھنکی، قادرآباد) اور دریائے جہلم (منگلا کے بالائی علاقے) میں درمیانے سے اونچے درجے کے سیلاب کا خطرہ۔
دریائے کابل (نوشہرہ کے مقام پر) میں پانی کے بہاؤ میں تیزی کا امکان۔
سوات اور پنجکوڑہ کے ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ۔
گلگت بلتستان میں دریائے ہنزہ، شگر اور ہسپر، خنجراب، شمشال، برالدو، ہوشے اور سالتورو کے ندی نالوں میں بھی طغیانی متوقع۔
بلوچستان کے اضلاع موسیٰ خیل، شیرانی، ژوب اور سبی میں ندی نالوں میں طغیانی کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
تربیلا، کالا باغ، چشمہ، تونسہ اور گڈو بیراج میں اس وقت نچلے درجے کا بہاؤ موجود ہے، جو آئندہ دنوں میں درمیانے درجے تک پہنچ سکتا ہے۔
تربیلا ڈیم 90 فیصد، جبکہ منگلا ڈیم 60 فیصد بھر چکا ہے۔
نشیبی علاقوں میں رہنے والے افراد غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔تیز بہاؤ والے ندی نالوں، پلوں اور پانی میں ڈوبی سڑکوں سے گزرنے سے اجتناب کریں۔
متعلقہ ادارے ڈی واٹرنگ پمپس، مشینری اور نکاسی آب کے انتظامات فوراً مکمل کریں۔لینڈ سلائیڈنگ کے خدشات والے علاقوں میں الرٹ رہنے کی ہدایت۔این ڈی ایم اے نے عوام سے اپیل کی ہے کہ ’’پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ ایپ‘‘کے ذریعے موسم اور خطرات سے متعلق تازہ ترین معلومات حاصل کریں، اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بچنے کے لیے احتیاطی تدابیر پر عمل کریں۔





