راولپنڈی :پاکستان تحریک انصاف کے متوقع احتجاج کے پیش نظر راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں سخت سیکیورٹی انتظامات کر دیے گئے ہیں۔
جیل سپرنٹنڈنٹ عبدالغفور انجم نے سی پی او راولپنڈی کو خط لکھ کر اضافی سیکیورٹی اہلکار تعینات کرنے کی درخواست کی ہے۔
پی ٹی آئی نے 5 اگست کو جیل کے باہر مظاہرے کی منصوبہ بندی کی ہے، جس کے پیش نظر جیل انتظامیہ نے گیٹ نمبر 5 سے داہگل چیک پوسٹ تک اضافی پولیس نفری تعینات کرنے، بیریئرز لگانے اور غیرقانونی اجتماعات روکنے کا مطالبہ کیا ہے۔
خط میں کہا گیا ہے کہ اڈیالہ جیل میں موجود 7700 قیدیوں کی تعداد جیل کی اصل گنجائش 2174 سے کہیں زیادہ ہے، اور سیاسی و دہشت گرد مقدمات کے قیدیوں کی موجودگی کے باعث حالات انتہائی حساس ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : پی ٹی آئی کا 5 اگست کو ملک گیر احتجاج ، تیاریوں کو حتمی شکل دیدی گئی
ناخوشگوار واقعات سے بچاؤ کے لیے فول پروف سیکیورٹی اقدامات ضروری قرار دیے گئے ہیں، اور ہوم ڈیپارٹمنٹ، آئی جی جیل خانہ جات اور آر پی او سے بھی تعاون کی درخواست کی گئی ہے۔





