شبلی فراز اور عمر ایوب سمیت پی ٹی آئی کے 9 اراکین قومی و صوبائی اسمبلی نا اہل قرار

اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں پاکستان تحریک انصاف کے اہم رہنماؤں کے خلاف بڑا اقدام اٹھاتے ہوئے سینیٹ اور قومی اسمبلی میں قائدین حزب اختلاف سمیت 9 ارکان کو نااہل قرار ادے دیا ہے۔

نا اہل ہونے والوں پانچ ایم این ایز،تین ایم پی ایز اور ایک سینیٹر شامل ہیں۔

اس فہرست میں سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر شبلی فراز اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب شامل ہیں جنہیں دیگر رہنماؤں کے ساتھ نااہل قرار دے کر ان کی نشستیں خالی تصور کر لی گئی ہیں۔

الیکشن کمیشن نے جن اراکین کو نااہل قرار دیا ہے ان میں صاحبزادہ حامد رضا، زرتاج گل، جنید افضل ساہی، محمد انصراقبال، رائے حسن نواز، رائے حیدرعلی اور رائے مرتضی اقبال شامل ہیں۔

عمر ایوب کو این اے 18 ہری پور، رائے حیدر علی کو این اے 96 فیصل آباد، صاحبزادہ حامد رضا کو این اے 104 فیصل آباد، رائے حسن نواز کو این اے 143 ساہیوال، زرتاج گل کو این اے 185، انصر اقبال کو پی پی 73 سرگودھا، جنید افضل ساہی کو پی پی 98 فیصل آباد اور رائے مرتضیٰ اقبال کو پی پی 203 ساہیوال سے نااہل قرار دیا گیا ہے۔

پی ٹی آئی اراکین کی نااہلی کے بعد تمام ارکان قومی اسمبلی اور سینیٹ کی نشستیں خالی قرار دے دی گئی ہیں۔ قومی اسمبلی کی 5 اور سینیٹ کی ایک نشست خالی قرار پائی ہے اس کے علاوہ پنجاب اسمبلی کی 3 نشستیں خالی قرار دی گئی ہیں۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق، یہ تمام نااہلیاں آئین کے آرٹیکل 63(1)(h) کے تحت عمل میں لائی گئیں۔

یہ بھی پڑھیں : پارلیمنٹ ہاؤس کا مرکزی دروازہ بند، اینٹی رائٹ فورس تعینات، پی ٹی آئی ارکان کی گرفتاری متوقع

Scroll to Top