حکومت کا اہم فیصلہ: الیکٹرک بائیکس اور رکشوں کے لیے 9 ارب روپے سبسڈی، طلبہ کو مفت بائیکس دیئے جائیں گے

اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کے اجلاس میں متعدد اہم معاشی فیصلے کیے گئے جن میں الیکٹرک وہیکلز اور تعلیم کے شعبے کے لیے نمایاں اقدامات شامل ہیں۔

اجلاس میں الیکٹرک بائیکس اور رکشوں کے لیے 9 ارب روپے کی سبسڈی اسکیم کی منظوری دی گئی۔

وزارت خزانہ کے مطابق اس اسکیم کے ابتدائی مرحلے میں 40,000 الیکٹرک بائیکس اور 1,000 الیکٹرک رکشے فراہم کیے جائیں گے جس کا مقصد ماحولیاتی بہتری اور ایندھن کے اخراجات میں کمی لانا ہے۔

ای سی سی نے ہونہار طلبا کو مفت الیکٹرک بائیکس فراہم کرنے کی منظوری بھی دی تاکہ تعلیمی میدان میں بہترین کارکردگی دکھانے والے طلبا کی حوصلہ افزائی کی جا سکے۔

مزید برآں کمیٹی نے حوالہ ترسیلات اسکیم کے تحت کلیمز کی ادائیگی کےلیے 30 ارب روپے کی تکنیکی گرانٹ کی منظوری دے دی۔ اس حوالے سے وزارت خزانہ اور اسٹیٹ بینک کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ ادائیگی کا مؤثر طریقہ کار وضع کریں اور اسکیم کا مکمل تجزیہ پیش کریں۔

یہ بھی پڑھیں : سونے کی قیمت میں سینکڑوں روپے کی کمی ریکارڈ

اجلاس کے دوران قائداعظم یونیورسٹی کے لیے 2 ارب روپے کی بیل آؤٹ گرانٹ کی اصولی منظوری بھی دی گئی۔ ساتھ ہی یونیورسٹی سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ مالی خود کفالت کا جامع منصوبہ پیش کرے تاکہ مستقبل میں مستقل بنیادوں پر مالی استحکام حاصل کیا جا سکے۔

Scroll to Top