برطانیہ میں مفت تعلیم حاصل کرنے کا شاندار موقع،اسکالرشپ پروگرام کیلئے درخواستوں کا آغاز

اسلام آباد:  شیوننگ اسکالرشپ پروگرام 2025-26 کے لیے درخواستوں کا آغاز کر دیا گیا ہے جس کے تحت مکمل مالی تعاون کے ساتھ برطانیہ کی جامعات میں ماسٹرز کی تعلیم حاصل کی جا سکتی ہے۔

برطانوی ہائی کمیشن کی جانب سے جاری بیان کے مطابق یہ اسکالرشپ اُن باصلاحیت نوجوانوں کے لیے ہے جو اپنے شعبے میں تجربہ رکھتے ہیں اور معاشرے میں مثبت تبدیلی کے خواہاں ہیں۔

اس پروگرام میں کامیاب امیدواروں کو تعلیمی اخراجات، ویزہ فیس، رہائش، اور ماہانہ وظیفہ سمیت تمام اخراجات کی سہولت دی جائے گی۔ درخواست دہندگان کے لیے کم از کم دو سالہ پیشہ ورانہ تجربہ رکھنا لازمی ہے۔

برطانیہ کی ہائی کمشنر جین میریٹ کا کہنا تھاکہ شیوننگ اسکالرشپ صرف تعلیم کا موقع نہیں بلکہ قیادت، اثر و رسوخ اور عالمی نیٹ ورکنگ کی دنیا میں داخل ہونے کا ایک پلیٹ فارم ہے۔

درخواستیں 5 اگست سے 7 اکتوبر 2025 تک آن لائن جمع کرائی جا سکتی ہیں۔

یاد رہے کہ شیوننگ پروگرام 1983 میں شروع کیا گیا تھا اور اب تک 160 سے زائد ممالک کے 60 ہزار سے زائد افراد اس سے استفادہ کر چکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : پشاور: سلنڈر دھماکے سے مکان کی چھت گر گئی، دو افراد زخمی

برطانوی ہائی کمیشن نے پاکستان کے تمام اہل امیدواروں کو دعوت دی ہے کہ وہ اس نادر موقع سے فائدہ اٹھائیں اور عالمی سطح پر اپنی صلاحیتوں کو منوائیں۔

Scroll to Top