بغیر اطلاع غیر حاضری پر شیخ وقاص اکرم کی رکنیت معطلی کیلئے تحریک اسمبلی میں پیش، نواز شریف اور حمزہ شہباز کا کیا ہوگا؟

بغیر اطلاع غیر حاضری پر شیخ وقاص اکرم کی رکنیت معطلی کیلئے تحریک اسمبلی میں پیش، نواز شریف اور حمزہ شہباز کا کیا ہوگا؟

قومی اسمبلی میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رکن شیخ وقاص اکرم کی مسلسل چالیس روز سے غیرحاضری پر ان کی رکنیت ختم کرنے کی تحریک پیش کر دی گئی ہے۔ اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے ایوان کو آگاہ کیا کہ شیخ وقاص اکرم نے بغیر کسی اطلاع کے گزشتہ چالیس دنوں سے اجلاسوں میں شرکت نہیں کی۔

ایاز صادق نے بتایا کہ اسمبلی کے قواعد و ضوابط کے مطابق کسی بھی رکن کی نشست خالی کرنے کے لیے تحریک پیش کی جا سکتی ہے، اور تحریک کی منظوری پر اس رکن کی نشست خالی قرار دی جا سکتی ہے۔ اس سلسلے میں مسلم لیگ (ن) کی رکن نوشین افتخار نے فوری طور پر تحریک پیش کی جس میں کہا گیا ہے کہ شیخ وقاص اکرم کی غیرحاضری کے باعث ان کی نشست خالی قرار دی جائے۔

اسپیکر نے واضح کیا کہ قواعد کے مطابق وہ اس تحریک کو سات دن کے اندر ایوان میں رائے شماری کے لیے پیش کریں گے، اور ایوان کو یہ اختیار حاصل ہے کہ وہ تحریک کو منظور، مسترد یا موخر کر سکتا ہے۔

تحریک پر اپوزیشن نے شدید تحفظات کا اظہار کیا اور نواز شریف و حمزہ شہباز کی حاضریوں پر سوالات اٹھائے۔ تاہم، اسمبلی سیکریٹریٹ نے وضاحت کی کہ دونوں رہنماوں کی چھٹی کی درخواستیں ریکارڈ پر موجود ہیں، جب کہ شیخ وقاص اکرم کی جانب سے کوئی تحریری اطلاع یا درخواست موصول نہیں ہوئی۔

قواعد کے مطابق اگر بعد میں شیخ وقاص اکرم کی جانب سے حاضری یا چھٹی کی درخواست بھی موصول ہو جائے، تب بھی نوشین افتخار کی پیش کردہ تحریک اپنی تاثیر رکھتی ہے کیونکہ اس پر فیصلہ ایوان کی رائے سے کیا جائے گا۔

دوسری جانب، الیکشن کمیشن آف پاکستان نے حال ہی میں پاکستان تحریک انصاف کے 9 سینیٹرز اور ارکان قومی اسمبلی کو نااہل قرار دیا ہے۔ ان نااہل ارکان میں اپوزیشن لیڈر سینیٹ شبلی فراز، قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف عمر ایوب، صاحبزادہ حامد رضا، زرتاج گل، جنید افضل ساہی، محمد انصر اقبال، رائے حسن نواز، رائے حیدر علی اور رائے مرتضیٰ اقبال شامل ہیں۔

الیکشن کمیشن کے مطابق ان تمام ارکان کو 9 مئی کو دی گئی عدالت کی سزاؤں کے بعد آئین کے تحت نااہل قرار دیا گیا ہے۔

Scroll to Top