نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں 8 اگست تک مزید بارشوں کی پیشگوئی کرتے ہوئے الرٹ جاری کر دیا ہے۔ این ڈی ایم اے کے مطابق دریائے ستلج میں گنڈا سنگھ والا کے مقام پر پانی کا بہاؤ ایک گھنٹے میں 28,657 کیوسک سے بڑھ کر 33,653 کیوسک ہو گیا ہے، جس سے نچلے علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔
5 سے 7 اگست کے دوران بالائی علاقوں میں شدید بارشوں کی توقع ہے، جس سے ستلج اور بیاس دریاؤں کے بہاؤ میں مزید اضافہ متوقع ہے۔ بھارت میں واقع بھاکڑا ڈیم 55 فیصد اور پونگ ڈیم 56 فیصد بھر چکے ہیں، جس کی وجہ سے ان ڈیموں سے پانی کے اضافی اخراج کے باعث پانی کی سطح میں اضافہ ہو رہا ہے۔ این ڈی ایم اے نے مقامی انتظامیہ کو ہدایت دی ہے کہ وہ ہنگامی حالات کے لیے مکمل تیار رہیں، نکاسی آب کے انتظامات مضبوط کریں اور ممکنہ انخلا کے لیے بھی منصوبہ بندی کریں۔
این ڈی ایم اے نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ حساس علاقوں میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں، ندی نالوں، پلوں اور پانی میں ڈوبی ہوئی سڑکوں پر عبور نہ کریں تاکہ جان و مال کا نقصان نہ ہو۔ ساتھ ہی مقامی انتظامیہ کو ضروری مشینری اور پمپس بروقت تیار رکھنے کی ہدایت بھی دی گئی ہے تاکہ نشیبی علاقوں سے پانی کو فوراً نکالا جا سکے۔
دوسری جانب، پنجاب کی صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے لاہور، گوجرانوالہ اور راولپنڈی میں آئندہ دو روز کے دوران شدید بارشوں اور اربن فلڈنگ کے خطرے کا پیشگوئی کرتے ہوئے الرٹ جاری کر دیا ہے۔ پی ڈی ایم اے نے لاہور میں اربن فلڈنگ کے خطرے کی وجہ سے انتظامیہ اور عوام کو متحرک رہنے کی ہدایت کی ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹا جا سکے۔
عوام سے گزارش ہے کہ وہ بارشوں اور سیلابی حالات کے حوالے سے سرکاری ہدایات پر عمل کریں اور اپنی حفاظت کو مقدم رکھیں۔





