صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے نشانِ حیدر حاصل کرنے والے عظیم سپاہی میجر طفیل محمد شہید کو ان کے 67 ویں یومِ شہادت پر زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔
دونوں رہنماؤں نے شہید میجر محمد طفیل کی بے مثال قربانی، بہادری اور حب الوطنی کو سراہتے ہوئے کہا کہ پوری قوم اپنے شہداء کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔
صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ میجر طفیل محمد شہید نے دشمن کے خلاف بہادری سے لڑتے ہوئے مادرِ وطن پر جان قربان کی اور ان کی قربانی قوم کے لیے مشعلِ راہ ہے انہوں نے کہا کہ پاکستان آج ان ہی عظیم سپوتوں کی قربانیوں کے باعث محفوظ ہے۔
صدر زرداری نے کہا کہ ہم ان عظیم ہیروز کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے ملک کی سلامتی کے لیے اپنی جانیں نچھاور کیں، پاکستان کو اپنی بہادر افواج پر فخر ہے جو ہر محاذ پر دشمن کا دلیری سے مقابلہ کر رہی ہیں۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ 67 برس قبل آج ہی کے دن میجر طفیل محمد شہید نے دشمن کے خلاف لڑتے ہوئے اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا۔
وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ پوری قوم ان کی قربانی اور بہادری کو سلام پیش کرتی ہے ہم اپنے شہداء کو ہمیشہ یاد رکھیں گے اور ان کے خون کی بدولت آج پاکستان ایک خودمختار اور مضبوط ملک کے طور پر قائم ہے۔
یہ بھی پڑھیں: افواجِ پاکستان اپنے شہدا کو کبھی نہیں بھولتیں، میجر طفیل محمد شہید کے یومِ شہادت پر عسکری قیادت کا خراجِ عقیدت
صدر اور وزیرِ اعظم دونوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ قوم اپنے شہداء کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی اور ان کے مشن کو جاری رکھے گی۔





