بنوں، ہوید میں کرفیو نافذ، سیکیورٹی فورسز کا ممکنہ دہشتگردوں کے خلاف کریک ڈاؤن

بنوں کے حساس علاقے ہوید میں دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر سیکیورٹی فورسز، پولیس اور سی ٹی ڈی نے مشترکہ سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشن کا آغاز کر دیا ہے۔

ممکنہ خطرات کے پیش نظر ہوید میں تا حکمِ ثانی کرفیو نافذ کر دیا گیا ہے، علاقے سے منسلک تمام آمد و رفت کے راستے مکمل طور پر بند کر دیے گئے ہیں۔

پولیس ترجمان کے مطابق شہریوں کو سختی سے ہدایت کی گئی ہے کہ وہ صبح 5 بجے کے بعد گھروں سے باہر نہ نکلیں اور کسی مشتبہ فرد کو قریب نہ آنے دیں، خدشہ ہے کہ شرپسند عناصر عام شہریوں کو انسانی ڈھال کے طور پر استعمال کر سکتے ہیں۔

ترجمان نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ اگر کسی بھی گھر یا مقام پر دہشت گردوں کی موجودگی کا شبہ ہو یا وہ وہاں داخل ہو جائیں تو فوری طور پر محفوظ مقام پر منتقل ہوں اور متعلقہ اداروں کو مطلع کریں۔

شہریوں کو خبردار کیا گیا ہے کہ دہشتگردوں کو پناہ، مدد یا کسی قسم کا تعاون کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ جس گھر یا عمارت سے سیکیورٹی فورسز پر فائرنگ کی گئی اُسے فوری طور پر مسمار کر دیا جائے گا اور ذمہ داران کو سخت سزائیں دی جائیں گی۔

بنوں کے علاقے ہوید میں سیکیورٹی فورسز اور پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے جو دہشتگردوں کے خلاف مربوط کارروائی میں مصروف ہے۔

یہ بھی پڑھیں: بنوں میں میریان پولیس سٹیشن پر ڈرون حملہ، 2 اہلکار زخمی

ترجمان نے عوام سے مکمل تعاون کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسی بھی مشکوک سرگرمی کی فوری اطلاع دی جائے تاکہ علاقے کو جلد از جلد دہشتگردی کے خطرے سے پاک کیا جا سکے

Scroll to Top