کم عمر صارفین کے لیے بری خبر: یوٹیوب نے نیا اے آئی فیچر لانچ کر دیا

کیلیفورنیا: یوٹیوب نے ایک نیا فیچر متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے جو مصنوعی ذہانت (AI) کے ذریعے صارفین کی عمر کا تخمینہ لگائے گا، تاکہ انہیں ان کی عمر کے مطابق موزوں اور محفوظ مواد فراہم کیا جا سکے۔ یہ فیچر 13 اگست 2025 سے نافذ العمل ہوگا۔

یوٹیوب کی جانب سے جاری کردہ بلاگ پوسٹ کے مطابق اس فیچر کو ابتدائی طور پر امریکا میں محدود صارفین پر آزمایا جائے گا۔

مشین لرننگ پر مبنی یہ ٹیکنالوجی صارفین کی سرچ ہسٹری، دیکھی جانے والی ویڈیوز کی اقسام اور اکاؤنٹ سے جڑی معلومات کی بنیاد پر عمر کا اندازہ لگائے گی۔

اگر نظام کسی صارف کو کم عمر تصور کرتا ہے تو خودکار طور پر اس پر عمر سے متعلق پابندیاں عائد کر دی جائیں گی، جن میں کچھ ویڈیوز یا فیچرز تک رسائی کی بندش شامل ہو سکتی ہے۔

یوٹیوب کا کہنا ہے کہ اگر مصنوعی ذہانت درست عمر کا اندازہ نہ لگا سکے تو صارف کے پاس یہ آپشن موجود ہوگا کہ وہ حکومتی شناختی کارڈ یا کریڈٹ کارڈ کے ذریعے اپنی عمر ثابت کرے، بشرطیکہ وہ 18 سال سے زائد عمر کا ہو۔

یہ بھی پڑھیں : قومی پرچم کی پہلی بار رونمائی کب اور کہاں ہوئی؟ جانئے

کمپنی کے مطابق اس فیچر کو صارفین کے تحفظ اور مناسب مواد کی فراہمی کے لیے متعارف کرایا جا رہا ہے، تاکہ اکاؤنٹ پر درج تاریخ پیدائش سے قطع نظر، حقیقی عمر کی بنیاد پر پلیٹ فارم کا استعمال ممکن بنایا جا سکے۔

یوٹیوب نے واضح کیا ہے کہ اگر یہ آزمائش کامیاب رہی تو اس فیچر کو دیگر ممالک میں بھی مرحلہ وار متعارف کرایا جائے گا۔

Scroll to Top