اسلام آباد: نادرا نے شہریوں کے لیے ایک اور اہم سہولت متعارف کرا دی ہے جس کے تحت اب درخواست دہندگان اپنی شناختی دستاویزات کی درخواست کا اسٹیٹس گھر بیٹھے موبائل فون کے ذریعے معلوم کر سکتے ہیں۔
نادرا کی موبائل ایپ پاک آئی ڈی میں حال ہی میں ایک نیا فیچر شامل کیا گیا ہے جس کی مدد سے شہری **اپنی ٹریکنگ آئی ڈی کے ذریعے درخواست کی موجودہ حیثیت چیک کر سکتے ہیں۔ یہ فیچر ان افراد کے لیے خاص طور پر مفید ہے جو شناختی کارڈ، بچوں کے ب فارم، یا دیگر شناختی دستاویزات کے لیے آن لائن درخواست دے چکے ہیں۔
نادرا کے مطابق، اس فیچر کا مقصد عوام کو ہر مرحلے پر درخواست کی پیش رفت سے آگاہ رکھنا ہے تاکہ انہیں نادرا دفاتر کے چکر نہ لگانے پڑیں۔ شہری ویڈیو ہدایات کی مدد سے ایپ استعمال کرنا سیکھ سکتے ہیں، اور کہیں بھی، کبھی بھی اپنی درخواست کی حیثیت معلوم کر سکتے ہیں۔
دوسری جانب نادرا کے ترجمان نے واضح کیا کہ وراثتی جائیداد سے متعلق درخواستیں بھی ملک بھر میں قائم 186 جانشینی سہولت مراکزمیں جمع کرائی جا سکتی ہیں۔ یہ مراکز اسلام آباد، پنجاب، سندھ، بلوچستان، خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان میں فعال ہیں، اور ان تمام مراکز کو نئے طریقہ کار سے متعلق باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کیا جا چکا ہے۔





