گلگت بلتستان، گلیشیئر پھٹنے سے شدید سیلابی صورتحال، پاک فوج کا ریسکیو آپریشن شروع

گلگت بلتستان، گلیشیئر پھٹنے سے شدید سیلابی صورتحال، پاک فوج کا ریسکیو آپریشن شروع

گلگت بلتستان کی تحصیل گوپس کے علاقے تلی داس کے گاؤں روشان میں گلیشیئر جھیل پھٹنے کے باعث شدید سیلابی صورتحال پیدا ہو گئی ہے۔

قدرتی آفت کے نتیجے میں مقامی آبادی کو سنگین خطرات لاحق ہو گئے ہیں، دریائی پانی کا بہاؤ رکنے کے باعث قریبی بستیاں محصور ہو کر رہ گئی ہیں۔

سیلاب کے ساتھ آنے والے زمینی کٹاؤ نے صورتحال کو مزید پیچیدہ بنا دیا ہے اور کئی زمینی راستے متاثر ہو چکے ہیں جس کے باعث امدادی ٹیموں اور مقامی افراد کے درمیان رسائی محدود ہو چکی ہے۔ متاثرہ علاقوں میں لوگ فوری ریسکیو کے منتظر ہیں۔

صورتحال کی نزاکت کو بھانپتے ہوئے پاک فوج نے فوری ریسکیو آپریشن کا آغاز کر دیا ہے، جی بی سکاؤٹس کی کوئیک ری ایکشن فورس کو جائے وقوعہ کی جانب روانہ کر دیا گیا ہے۔

 فرنٹیئر کور ناردرن ایریاز کی جانب سے بھی ریسکیو مشن کی تیاری مکمل کر لی گئی ہے جو ہیلی کاپٹر کے ذریعے انجام دیا جائے گا۔

سول انتظامیہ اور ریسکیو 1122 نے بھی تمام دستیاب وسائل کو متحرک کر دیا ہے اور امدادی سرگرمیوں میں بھرپور حصہ لے رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: گلگت غذر میں ایک بار پھر گلیشئیر پھٹ گیا، تباہی مچ گئی

متاثرہ افراد نے حکام سے اپیل کی ہے کہ فوری اقدامات کیے جائیں تاکہ قیمتی جانوں کو ضیاع سے بچایا جا سکے۔

Scroll to Top