سابق قومی کرکٹر اور سماجی کارکن شاہد خان آفریدی نے بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ ضلع صوابی کے دالوڑی گاؤں کا دورہ کیا۔
شاہد آفریدی نے متاثرہ خاندانوں سے ملاقات کی اور کلاؤڈ برسٹ کے باعث جاں بحق افراد کے لواحقین سے تعزیت کی، انہوں نے متاثرین کو حوصلہ دیا اور ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
آفریدی فاؤنڈیشن کی جانب سے متاثرہ خاندانوں میں راشن بھی تقسیم کیا گیا، اس موقع پر ڈپٹی کمشنر صوابی نصراللہ بھی ان کے ہمراہ تھے۔
شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ دکھ کی اس گھڑی میں ہم متاثرین کے ساتھ کھڑے ہیں، انہوں نے مزید کہا کہ وہ اور ان کی فاؤنڈیشن متاثرین کی بھرپور مدد کریں گے اور جہاں تک ممکن ہوا، تعاون جاری رکھا جائے گا۔
اس سے پہلے شاہد آفریدی سیلاب سے متاثرہ افراد کی دلجوئی اور امداد کے لیے خیبرپختونخوا کے ضلع بونیر پہنچے، مختلف متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا اور عوامی مشکلات کا جائزہ لیا۔
دورے کے دوران شاہد آفریدی نے ان خاندانوں سے ملاقات کی جن کے پیارے حالیہ سیلاب کے دوران جان کی بازی ہار چکے تھے، اور ان سے دلی تعزیت کا اظہار کیا۔
یہ بھی پڑھیں: شاہد آفریدی کی بونیر آمد، سیلاب متاثرین میں نقد رقم اور امدادی سامان تقسیم کیا
انہوں نے متاثرہ افراد میں نقد امداد کے ساتھ ساتھ روزمرہ ضروریات کی اشیاء بھی تقسیم کیں۔





