پشاور: قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور مایہ ناز آل راؤنڈر شاہد آفریدی سیلاب سے متاثرہ افراد کی دلجوئی اور امداد کے لیے خیبرپختونخوا کے ضلع بونیر پہنچے، جہاں انہوں نے مختلف متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا اور عوامی مشکلات کا جائزہ لیا۔
دورے کے دوران شاہد آفریدی نے ان خاندانوں سے ملاقات کی جن کے پیارے حالیہ سیلاب کے دوران جان کی بازی ہار چکے تھے، اور ان سے دلی تعزیت کا اظہار کیا۔
انہوں نے متاثرہ افراد میں نقد امداد کے ساتھ ساتھ روزمرہ ضروریات کی اشیاء بھی تقسیم کیں۔
شاہد آفریدی کو ضلعی انتظامیہ اور پولیس حکام کی جانب سے بریفنگ بھی دی گئی، جس میں بونیر میں جاری ریلیف آپریشن اور متاثرین کو فراہم کی جانے والی سہولیات سے متعلق تفصیلات شامل تھیں۔
یاد رہے کہ اس سے ایک روز قبل شاہد آفریدی نے سوشل میڈیا کے ذریعے ایک ویڈیو پیغام جاری کرتے ہوئے پوری قوم سے اپیل کی تھی کہ وہ سیلاب زدگان کی مدد میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔
ان کا کہنا تھا کہ آزمائش کی اس گھڑی میں پاکستانی قوم ہمیشہ ایک دوسرے کے ساتھ کھڑی نظر آتی ہے۔





