خیبرپختونخوا حکومت نے حالیہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں متاثرین کی بحالی اور فوری امداد کے لیے ایک اہم قدم اٹھاتے ہوئے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں سے کٹوتی کے ذریعے فنڈ جمع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلے میں محکمہ خزانہ نے باقاعدہ اعلامیہ جاری کر دیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق،گریڈ 17 اور اس سے اوپر کے سرکاری افسران کی دو دن کی تنخواہ کاٹی جائے گی۔جبکہ گریڈ 1 سے 16 تک کے ملازمین کی ایک دن کی تنخواہ کٹوتی کی جائے گی۔یہ کٹوتی اگست 2025 کی تنخواہوں سے کی جائے گی۔
محکمہ خزانہ کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ صوبائی کابینہ کے اجلاس میں کیا گیا تھا، جس کا مقصد سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کی فوری امداد کے لیے درکار فنڈز کی فراہمی ہے۔ اس فیصلے کو انسانی ہمدردی اور اجتماعی ذمہ داری کے جذبے کے تحت لیا گیا ہے تاکہ متاثرہ علاقوں میں جلد از جلد بحالی کے کام مکمل کیے جا سکیں۔
خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں حالیہ شدید بارشوں اور سیلاب کے باعث بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصان ہوا ہے۔ کئی علاقوں میں مکانات، فصلیں اور انفراسٹرکچر تباہ ہو چکا ہے، جبکہ ہزاروں خاندان بے گھر ہو چکے ہیں۔
سرکاری حلقوں میں اس فیصلے پر مخلوط ردعمل دیکھنے کو مل رہا ہے۔ بعض ملازمین اسے انسانی ہمدردی پر مبنی احسن اقدام قرار دے رہے ہیں، جبکہ کچھ افراد کو مشاورت کے بغیر تنخواہوں میں کٹوتی پر تحفظات بھی ہیں۔





