ایک معمولی بارش بھی پیپلزپارٹی کے جھوٹ کو بے نقاب کرنے کیلئے کافی ہے، جے یو آئی

ایک معمولی بارش بھی پیپلزپارٹی کے جھوٹ کو بے نقاب کرنے کیلئے کافی ہے، جے یو آئی

جمیعت علما اسلام کے ترجمان اسلم غوری نے کراچی کی صورتحال پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک معمولی سی بارش بھی پیپلزپارٹی کی حکمرانی اور دعوؤں کے جھوٹ کو بے نقاب کرنے کے لیے کافی ہے۔

جے یو آئی کے رہنما اسلم غوری نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی اہلیت اور حکمرانی کا اندازہ کراچی کی بارشوں میں بربادی سے بخوبی لگایا جا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ کے وزیراعلیٰ اور کراچی کے میئر ٹیلی ویژن پر جو بھی بات کرتے ہیں، ایک بارش ان کے دعوؤں کو غلط ثابت کر دیتی ہے۔

ترجمان جے یو آئی نے مزید کہا کہ ٹی وی پر اربوں روپے کے منصوبوں کے دعوے صرف خوابوں کی تعبیر ہیں جبکہ کراچی کی اصل صورتحال بربادی کی جانب گامزن ہے۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی پر تنقید کرنے ہوئے کہا کہ کراچی شہر کی بربادی میں پیپلزپارٹی کے ساتھ جماعت اسلامی کی سیاست بھی برابر کی شریک ہے۔

ترجمان جے یو آئی کا کہنا ہے کہ سب سے زیادہ ٹیکس دینے والے شہریوں کا کوئی پرسان حال نہیں ہے اور حکمران جانتے ہیں کہ عوام نے انہیں ووٹ نہیں دیے لیکن اسمبلیاں خرید کر اپنی حکمرانی قائم رکھنے والے عوام کو سزا دیتے ہیں۔

ترجمان جے یو آئی نے بلدیاتی انتخابات میں پیپلزپارٹی اور جماعت اسلامی کے مابین مبینہ سودے بازی پر بھی سوالات اٹھائے اور کہا کہ کراچی کے عوام کے ساتھ سیاسی دھوکہ دہی کا سلسلہ جاری ہے۔

یہ بھی پڑھیں: بونیر میں جے یو آئی نے سیلاب متاثرین کے لیے امدادی کاموں کا دوسرا مرحلہ شروع کر دیا

ترجمان جے یو آئی اسلم غوری نے مزید کہا کہ کراچی کی عوام کے لیے یہ بدقسمتی ہے کہ پیپلزپارٹی سے لے کر پاکستان تحریک انصاف تک سب نے سوتیلی ماں کا رویہ اپنایا ہے۔

Scroll to Top