پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے یومِ فضائیہ کے موقع پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے حالیہ پاکبھارت کشیدگی میں پاک فضائیہ کی شاندار کامیابی پر خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ہمارے شاہینوں نے دشمن کے چھ جنگی طیارے مار گرائے، جو تاریخ میں “6.0 فتح” کے نام سے یاد رکھا جائے گا۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ 7 ستمبر کا دن ہماری قومی تاریخ میں جرات، قربانی اور پاک فضائیہ کی بے مثال پیشہ ورانہ صلاحیت کی علامت ہے، انہوں نے ایئر فورس کے شہداء کو خراجِ عقیدت اور غازیوں کو ان کی جرات و بہادری پر خراجِ تحسین پیش کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ایئر فورس ہماری قومی غیرت و وقار کی علامت ہے، ہمیں فخر ہے کہ وہی جذبہ اور روایت آج بھی قائم ہے جس کا مظاہرہ 1965 کی جنگ میں کیا گیا تھا۔
بلاول بھٹو زرداری نے پیپلز پارٹی کی افواجِ پاکستان سے تاریخی وابستگی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ قائدِ عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو نے قومی دفاع کی بنیادوں کو مضبوط کیا جبکہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے نہ صرف میزائل ٹیکنالوجی کو فروغ دیا بلکہ ایف-16 طیاروں کے حصول کے لیے کلنٹن انتظامیہ پر دباؤ بھی ڈالا۔
انہوں نے مزید کہا کہ شہید بینظیر بھٹو کے دور حکومت میں پاکستان اور چین کے درمیان جے ایف-17 تھنڈر طیاروں کی تیاری کے لیے معاہدہ ہوا، جو آج ہماری فضائی طاقت کا اہم ستون ہے۔
یہ بھی پڑھیں: مسلح افواج نے معرکہ حق بنیان المرصوص میں دشمن کا غرور خاک میں ملایا، وزیراعظم
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ پاک فضائیہ کی اصل طاقت صرف طیارے اور ہتھیار نہیں بلکہ اس کے شاہینوں کا ناقابلِ شکست حوصلہ ہے،شاہین ہمیں سکھاتے ہیں کہ ایمان، اتحاد اور قربانی کے جذبے سے آسمان کوئی حد نہیں، بلکہ ہمارا میدان ہے۔





