وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ سیلاب متاثرین کی بھرپور مدد کرنے والوں کے شکر گزار ہیں،وزیر اعظم شہباز شریف ذاتی طور پر سیلاب متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں کی نگرانی کر رہے ہیں اور حکومت ہر ممکن کوشش کر رہی ہے کہ متاثرین کی فوری بحالی کو یقینی بنایا جا سکے۔
امیر مقام نے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں پوری قوم سیلاب متاثرین کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور وفاقی حکومت ان کی مکمل معاونت کے لیے متحرک ہے، انہوں نے پاک فوج کی امدادی سرگرمیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ افواجِ پاکستان نے ہمیشہ قدرتی آفات کے دوران عوام کی خدمت کی ہے، جو قابلِ تحسین ہے۔
امیر مقام نے قومی دفاع کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پاک فضائیہ کے شاہینوں نے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا، انہوں نے کہا کہ ہمارے جانبازوں نے دشمن کے جنگی طیارے مار گرائے اور 1965 کی جنگ کی یاد تازہ کر دی۔
وفاقی وزیر امیر مقام کا کہنا تھا کہ شہباز شریف کی قیادت میں پاکستان نے بھارت کے خلاف ایک عظیم فتح حاصل کی، جس پر پوری قوم کو فخر ہے، پاک فضائیہ کے نوجوانوں کی جرات و بہادری ناقابلِ فراموش ہے اور قوم ان کے شکر گزار ہے۔





