عوام کےلیے خوشخبری، نیپرا نے بجلی کی قیمت میں کمی کا اعلان کر دیا

نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی نے ماہِ جولائی 2025 کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی کی قیمت میں فی یونٹ 1 روپے 79 پیسے کمی کا اعلان کر دیا ہے۔

اس فیصلے کا اطلاق کراچی سمیت ملک بھر کے تمام کے الیکٹرک اور سرکاری ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کے صارفین پر ہو گا۔ نیپرا کی جانب سے اس حوالے سے باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق صارفین کو یہ ریلیف ستمبر کے بجلی بلوں میں دیا جائے گا۔ جولائی کی ایڈجسٹمنٹ کے تحت سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی نے فی یونٹ 1 روپے 69 پیسے کمی کی درخواست کی تھی، تاہم نیپرا نے مزید 10 پیسے کمی کرتے ہوئے فی یونٹ 1 روپے 79 پیسے کی منظوری دے دی۔ اس فیصلے سے بجلی صارفین کو مجموعی طور پر تقریباً 24 ارب 50 کروڑ روپے کا ریلیف ملنے کی توقع ہے۔

پاور ڈویژن کی جانب سے یکساں ٹیرف سے متعلق پالیسی گائیڈ لائنز اقتصادی رابطہ کمیٹی کو پیش کی گئی تھیں، جن میں نیپرا سے درخواست کی گئی تھی کہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کا اطلاق کے الیکٹرک صارفین پر بھی کیا جائے۔ نیپرا نے ان تجاویز کا جائزہ لینے کے بعد ای سی سی اور وفاقی کابینہ کی منظوری سے ملک بھر میں یکساں فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ لاگو کرنے کا فیصلہ کیا۔

یہ بھی پڑھیں : ایشیا کپ: افغانستان کا ہانگ کانگ کو بڑا ٹارگٹ

اقتصادی رابطہ کمیٹی نے 19 اگست کو پاور ڈویژن کی سمری منظور کی، جس کے تحت ماہانہ ایڈجسٹمنٹ اب پورے ملک کے تمام صارفین پر یکساں لاگو ہو گی۔

Scroll to Top