علیمہ خان کی میڈیا ٹاک کے دوران تشدد کا شکار دونوں صحافی صلح کیلئے راضی

علیمہ خان کی میڈیا ٹاک کے دوران تشدد کا شکار دونوں صحافی صلح کیلئے راضی

علیمہ خان کی میڈیا ٹاک کے دوران تشدد کا نشانہ بننے والے دونوں صحافیوں نے صلح کے لیے رضا مندی ظاہر کر دی ہے۔ پی ٹی آئی کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے اڈیالہ جیل پہنچ کر صحافیوں سے اس واقعے پر معذرت کی اور افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ جو کچھ ہوا وہ بالکل غلط تھا اور ایسا نہیں ہونا چاہیے تھا۔

نجی ٹی وی چینل (اے آر وائی نیوز)کے مطابق بیرسٹر گوہر نے تشدد کا شکار دونوں صحافیوں کو گلے لگا کر یقین دلایا کہ پی ٹی آئی کا منشور پرامن رہنا ہے اور کارکنوں کو ہمیشہ پُرامن رہنے کی تلقین کی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ علیمہ خان سیاسی ایجنڈے کے لیے نہیں بلکہ اپنے بھائی عمران خان کی حمایت میں میڈیا کے سامنے آتی ہیں۔ اس واقعے کی سخت مذمت کرتے ہوئے انہوں نے معذرت کی۔

چیئرمین پی ٹی آئی کی معذرت کے بعد دونوں صحافیوں نے صلح کا اعلان کیا اور معاملہ ختم کرنے کا فیصلہ کیا۔

اسی موقع پر بیرسٹر گوہر نے خیبرپختونخوا کے وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور کے پاسپورٹ بلاک ہونے اور ان کے افغانستان جانے میں رکاوٹ کا بھی ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں حالیہ سیلاب نے شدید تباہی مچائی ہے، جس سے زراعت اور لوگوں کی جانوں کو نقصان پہنچا ہے، اور اب بھی کئی لوگ لاپتا ہیں۔ بیرسٹر گوہر نے وفاقی حکومت پر زور دیا کہ وہ سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے بڑا قدم اٹھائے۔

انہوں نے جاں بحق ہونے والے دو بھائیوں کے لواحقین کو پانچ لاکھ روپے کی امداد دی، جسے متاثرین کی مدد کے لیے وقف کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ علاقے کے لوگ اور حکومت مل کر متاثرین کی خدمت کر رہے ہیں۔

Scroll to Top