حالیہ شدید بارشوں اور طوفانی سیلاب کے باعث جنوبی وزیرستان کے مختلف علاقوں میں پیدا ہونے والی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے فرنٹیئر کور خیبرپختونخوا (ساؤتھ) اور سول انتظامیہ کی جانب سے مشترکہ ریلیف اور بحالی کے اقدامات تیزی سے جاری ہیں۔
سیلاب سے سب سے زیادہ متاثرہ علاقہ ’’سرواکئی‘‘ قرار دیا گیا ہے، جہاں بنیادی ڈھانچے کو شدید نقصان پہنچا۔ متاثرہ سڑکیں اور بہہ جانے والے پل عوام کے لیے آمد و رفت میں بڑی رکاوٹ بن گئے تھے۔
ایف سی ساؤتھ نے نہ صرف فوری امدادی کارروائیوں کا آغاز کیا بلکہ مقامی انتظامیہ کے تعاون سے راستوں اور پلوں کی ازسرِ نو تعمیر مکمل کی، جس کے بعد متاثرہ علاقوں میں آمد و رفت بحال کر دی گئی ہے۔ ان اقدامات سے مقامی آبادی کو بڑی سہولت ملی ہے۔
اس موقع پر ایف سی ساؤتھ کے مقامی کمانڈر نے عمائدین اور مشران کے ساتھ ایک جرگہ بھی منعقد کیا، جس میں عوامی مسائل سنے گئے اور ان کے حل کے لیے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی گئی
سیلاب متاثرین کی فوری ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے ایف سی ساؤتھ نے ریلیف پیکجز تقسیم کیے، جن میں بستر، گرم کپڑے، اشیائے خورونوش، پھل اور دیگر بنیادی ضروریات شامل تھیں۔
مقامی عوام نے ایف سی ساؤتھ کی بروقت کارروائیوں، خلوصِ نیت سے کی گئی خدمات اور بحالی کے اقدامات کو سراہا اور بھرپور اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے شکریہ ادا کیا۔ عوامی سطح پر ان اقدامات نے اداروں پر اعتماد کو مزید مضبوط کیا ہے۔





